نواز شریف نے جنرل باجوہ نہیں پاکستانی فوج پر حملہ کیا: وزیراعظم

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ رات گوجرانوالہ میں سرکس ہوئی، اس سرکس میں بڑے فنکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 11 سال پہلے پیش گوئی کی تھی کہ یہ سارے اکٹھے ہو جائیں گے، نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہو جائیں گے۔
عمران خان نے تقریب میں اپنے ایک پرانے انٹرویو کا کلپ بھی چلوایا جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’ایک روز نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہو جائیں گے کیونکہ ان کے مفادات ایک ہیں

’نواز شریف خود تو دُم دبا کر ملک سے بھاگ کر لندن چلے گئے تھے اور اب وہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف جلسوں میں باتیں کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ پر نہیں بلکہ پاکستان کی فوج پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہی باتیں کر رہے ہیں جو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی پاکستانی فوج کے خلاف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس فوج پر تنقید کر رہے ہیں جس کے پرسوں ہی 20 سکیورٹی اہلکاروں نے ملک کے لیے جان دی ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’نواز شریف کچھ جنرلوں اور ججوں کا نام لے کر فوج اور عدلیہ میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ آج سے ان کی پوری کوشش ہو گی کہ نواز شریف کو اس ملک میں واپس لایا جائے، اب انہیں عام جیل میں ڈالا جائے گا، وی آئی پی جیل نہیں ملے گی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ عدالتیں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے طویل عرصے سے زیر التوا کرپشن کے کیسز کے جلد فیصلے کریں۔
’نیب نے اچھے کام بھی کیے ہیں تاہم میں نیب سے کہتا ہوں کہ وہ کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائے۔‘
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کل کی سرکس کے بعد اب نیا عمران خان بھی سامنے آ گیا ہے۔
’اب کرپشن کے مقدمات میں جیلوں میں قید ملزمان اور کسی ڈاکو کو کوئی پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا۔‘
انہوں نے شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 23 ارب روپے کی کرپشن کے ثبوت ملے ہیں۔
عمران خان نے بلاول بھٹو زرادری اور مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ میں بچوں کی تقریر پر بات نہیں کروں گا۔
’دونوں نے زندگی میں ایک گھنٹہ کام نہیں کیا، دونوں اپنے والد کی کمائی پر پلے بڑھے ہیں۔ جو انسان جدوجہد نہ کرے وہ لیڈر نہیں بن سکتا۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا ایک رنگ باز جو جلسے میں بڑی بڑھکیں لگا رہا تھا نے انتخابات کے دن آرمی چیف کو فون کیا اور کہا کہ میں الیکشن ہار رہا ہوں۔
انہوں نے فضل الرحمان کا نام لیے بغیر کہا کہ میں گیارہویں کھلاڑی پر کیا بات کروں۔
from—-urdunews—pages