ممنوعہ پلاسٹک بیگز بنانے کے چار بڑے کارخانوں میں کام بند

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ انوائرونمنٹل پروٹیکشن ایجنسی( سیپا) ضلع غربی کی کراچی میں بڑی کارروائی، سائیٹ صنعتی زون میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز بنانے کے چار بڑے کارخانوں میں کام بند کروا دیا، کارروائی سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ،

ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر کی گئی۔ کامیاب کارروائی پر مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے سیپا کی ٹیم کی کارروائی کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ناقابل تحلیل پلاسٹک بیگز کی تیاری اور فروخت صوبے بھر میں ممنوع ہے اس قسم کے کاروبار جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو کا کرنا قطعی طور پر درست عمل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کراچی سیپا وارث علی گبول نے کہا کہ چاروں فیکٹریوں میں ممنوعہ اور ناقابل تحلیل پلاسٹک بیگز تیار کئے جارہے تھے جو ماحولیاتی قوانین پر پورا نہیں اُترتے، غیر معیاری پلاسٹک بیگز ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں مزکورہ فیکٹریاں ممنوعہ پلاسٹک مصنوعات کی تیاری میں ملوث تھیں اور ماحولیاتی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی مرتکب ہورہی تھیں۔ ڈائریکٹر کراچی سیپا وارث علی گبول نے مزید کہا کہ صوبائی محکمہ ماحولیات نے ناقابل تحلیل پلاسٹک بیگز کی تیاری اور فروخت پر پابندی عائد کررکھی ہے سیپا کی ٹیمیں ایسے غیر قانونی دھندوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں عوام کی جانب سے بھی ایسے کاروبار کی نشاندہی کی جانا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ضلع غربی سمیت سندھ بھر میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی تیاری اور فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔