پاکستانی اداکار شہریار منور سوشل میڈیا سے غائب کیوں تھے؟

پاکستانی اداکار شہریار منور پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا سے کیوں غائب تھے اس کا جواب انھوں نے خود اپنی پوسٹ میں دے دیا۔

’آسمانوں پر لکھا‘ کے عالیان کے مداح ان کی سوشل میڈیا پر عدم موجودگی پر پریشان تھے۔

ایسے میں ان سے متعلق کچھ قیاس آرائیاں بھی جنم لے رہی تھیں، تاہم انھوں نے ان تمام افواہوں کا گلا دباتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ بتادی۔

شہریار منور نے فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انھوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث وہ سوشل میڈیا سے دور تھے۔

انھوں نے بتایا کہ موٹر بائیک پر گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے ان کا ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا جس کے باعث انھیں شدید چوٹ آئیں۔

اداکار نے اپنے پیغام میں کچھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں جن میں انھیں اسپتال میں اور دورانِ سرجری بھی دیکھا جاسکتا ہے
علاوہ ازیں انھوں نے ایک ویڈیو اپنی بائیک رائیڈنگ کی بھی شیئر کی جس سے متعلق انھوں نے لکھا کہ جب وہ اپنے دورے پر تھے تو ان کے دوست نے بائیک چلاتے ہوئے ان کی یہ ویڈیو بنائی۔

شہریار نے اپنے پیغام میں لکھا کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں غائب کیوں ہوں، سب سے پہلے میں آپ سب سے معذرت چاہتا ہوں، دوسرا یہ کہ میں نے 2 ماہ قبل شمالی علاقہ جات کا دورہ کیا تھا، جہاں میرے ساتھ ایک حادثہ پیش آگیا تھا۔

انھوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی بتایا کہ انھوں نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا، اور اگر یہ نہ ہوتا تو حادثے کے سبب اس سے بھی بد تر نقصان ہوسکتا تھا۔

اداکار نے بائیک چلانے والوں کو نصیحت کی کہ بائیک رائیڈنگ ایک مزیدار لیکن خطرناک کام ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ لوگ مکمل حفاظتی اقدامات کریں۔

شہریار منور کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنا علاج لندن کے ایک اسپتال سے کروایا، اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے ڈاکٹرز، اسپتال انتظامیہ اور سروسز کی تعریف بھی کی