شاہد آفریدی نے 18 سال قائم رہنے والے عالمی ریکارڈ کی یاد تازہ کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے 18 سال رہنے والے عالمی ریکارڈ کی یاد تازہ کردی، شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں اس دن کی اہمیت ہمیشہ قائم رہے گی۔

4 اکتوبر 1996 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں 37 گیندوں پر سب سے تیز سنچری کرکے ریکارڈ بنانے والے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اُس یادگار میچ کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کی اور اُس کے ساتھ ہی اُنہوں نے اُس بلّے کی تصویر بھی شیئر کی جس سے وہ یہ ریکارڈ سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے تھے
شاہد آفریدی نے اپنی کامیابی کے دن کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’خواب سچ ہو ہی جاتے ہیں، میں نے بھی یہ خواب دیکھا تھا لیکن میں یہ نہیں جانتا تھا کہ میرا خواب اس طرح پورا ہوگا۔‘

سابق کرکٹر نے لکھا کہ ’4 اکتوبر 1996وہ دن ہے جس کی اہمیت ہمیشہ میرے لیے اور شائقین کرکٹ کے لیے قائم رہے گی۔‘

اُنہوں نے مداحوں اور دُنیا بھر کی میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے تمام مداحوں اور میڈیا کا شُکرگُزار ہوں کہ جنہوں نے میرے اس دن کو آج بھی یاد رکھا۔‘

آخر میں شاہد آفریدی نے کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس بلّے کے لیے آپ کا شکریہ کیونکہ اس کی وجہ سے ہی میں یہ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوا تھا۔‘

واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں سب سے تیز سنچری 37 گیندوں پر مکمل کی تھی، آفریدی کا ریکارڈ 18 سال تک برقرار رہا۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ورلڈ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے بیٹ سے بنایا تھا۔