عائشہ خان کیلئے فخر اور خوشی کا سبب کون؟

شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی پاکستان کی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے مداحوں کو بتا دیا کہ اُن کے لیے فخر اور خوشی کا سبب کون ہے۔

عائشہ خان نے اپنے بھتیجے عیسیٰ خان کی سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اُن کے ساتھ اُن کا بھتیجا عیسیٰ خان بھی موجود ہے
انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے عائشہ خان نے لکھا کہ ’ستمبر کے مہینے میں جتنی بھی سالگرہ آتی ہیں اُن میں سب سے اہم سالگرہ میرے بھتیجے عیسیٰ خان کی ہے کیونکہ یہ میرے لیے فخر اور خوشی کا سبب ہے۔‘

عائشہ خان نے لکھا کہ ’ماشاءاللّہ سے عیسیٰ خان آج 15 سال کا ہوگیا ہے اور یہ وہ لڑکا ہے جسے سالگرہ کی مبارکباد لینا پسند نہیں لیکن میں اس کے باوجود بھی اپنے بھتیجے سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے کچھ دل والے ایموجی کا اضافہ کر رہی ہوں۔‘

آخر میں اُنہوں نے بھتیجے سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ کو معلوم ہے کہ میں آپ سے سب سے زیادہ پیار کرتی ہوں؟
عائشہ خان کے محبت بھرے پیغام پر اُن کے بھتیجے نے کمنٹ کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’میں بھی آپ سے بہت محبت کرتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل عائشہ خان کی سالگرہ کے موقع پر اُن کے شوہر میجر عقبہ ملک نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اہلیہ کے لیے پیار بھرا پیغام شیئر کیا تھا۔

سوشل میڈیا سائٹس پر جاری پیغام میں میجر عقبہ نے اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنا سب کچھ قرار دیتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد دی تھی
میجر عقبہ نے لکھا تھا کہ وہ اس سے زیادہ بہتر زندگی کا تصور نہیں کرسکتے تھے، وہ ہر روز اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے اُنہیں ظاہری اور باطنی طور پر اس جہاں کی سب سے زیادہ خوبصورت لڑکی سے نوازا۔

عائشہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میجر عقبہ نے یہ بھی لکھا تھا کہ اُن کی زندگی میں شامل ہونے اور اُنہیں اس دنیا کا سب سے زیادہ خوش قسمت شخص بنانے کیلئے آپ کا بے حد شکریہ
واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی