برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک چور نے دلچسپ مگر دھوکے باز طریقہ استعمال کرتے ہوئے شہری کا موبائل فون چوری کر لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور نے ناصرف خود کو نشے میں دکھانے کی اداکاری کی بلکہ ڈانس کرنے کا ڈرامہ بھی رچایا تاکہ متاثرہ شخص کو بےخبر کیا جا سکے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم صبح 7 بج کر 30 منٹ کے بعد کلمبر اسٹریٹ پر شہری کے قریب آتا ہے، وہ متاثرہ فرد سے فِسٹ بَمپ کرتا ہے، مختصر گفتگو میں مصروف ہوتا ہے اور پھر اچانک اپنا ایک پاؤں شہری کی ٹانگوں کے درمیان رکھ کر ڈانس کرنے لگتا ہے، اسی دوران وہ انتہائی چالاکی سے اس کی جیکٹ کی جیب سے موبائل فون نکال لیتا ہے۔
پولیس نے کہا کہ افسران نے ملزم کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے سے ملزم کی واضح تصویر حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے اپیل کی کہ اگر کوئی اسے پہچانتا ہے تو فوری پولیس سے رابطہ کرے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک ریسٹورنٹ کی فوٹیج میں پوری طرح ہوش میں نظر آ رہا تھا، جبکہ واردات کے دوران اس نے نشے میں ہونے کی اداکاری کی، یہ عمل جان بوجھ کر کیا گیا، تاکہ وہ متاثرہ شہری کو بھولا بھالا اور بےضرر نظر آئے۔
حکام کے مطابق اس نوعیت کے چور اکثر روایتی ثقافتی رقص کی اداکاری کرتے ہیں تاکہ لوگوں کی توجہ ہٹا کر ان کی جیبوں میں ہاتھ ڈالا جا سکے۔
پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسی واردات سے ہوشیار رہیں، خاص طور پر تہوار کے موسم میں جب بہت سے لوگ زیادہ خوش باش ہوتے ہیں اور انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔























