بھارت میں دولہے نے 31 لاکھ کا جہیز ٹھکرا کر ایک روپیہ قبول کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جہیز کے خلاف دولہے کے دلیرانہ موقف نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔
دولہے نے باراتیوں سے بھرے مجمعے کے سامنے جہیز کی رقم لینے سے انکار کرکے سماجی برائی کو چیلنج کیا۔
اودھیش رانا نے گورا تلک کی تقریب کے دوران دلہن کے اہلخانہ کو 31 لاکھ روپے واپس کردیے اور ہاتھ جوڑ کر رقم لینے سے انکار کردیا۔
اودھیش نے 22 نومبر کو بینکوئٹ میں شہاب الدین پور گاؤں کی رہنے والی ادیتی سنگھ سے شادی کی، تقریب کے دوران ادیتی کے اہل خانہ نے دولہا کو 31 لاکھ روپے جہیز کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔
دولہے نے کہا کہ میں ناگوا کا رہنے والا ہوں، میری شادی مظفر نگر کے شہاب الدین پور میں ہوئی تھی اور وہ مجھے جہیز کے طور پر 31 لاکھ روپے دے رہے تھے، ہم نے اسے واپس کر دیا کیونکہ ہم جہیز کے نظام کے خلاف ہیں۔ یہ بالکل غلط ہے۔ جہیز کا نظام مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی باپ کو اپنی بیٹی کی شادی کے لیے ساری زندگی جدوجہد یا قرض نہیں لینا چاہیے، ہمارا رشتہ ایک روپے پر قائم ہوا ہم اس سے زیادہ کیسے لے سکتے ہیں۔























