ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیومن ریسورس ونگ کی جانب سے 5 سے 13 سال کے بچوں کے لیے دو ہفتوں پر محیط سمر کیمپ کامیابی سے منعقد کیا گیا، جس کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے کی۔ اس موقع پر ایچ آر کے جوائنٹ ڈائریکٹر میراج ندیم، جوائنٹ ڈائریکٹر سجاد قریشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آر سمیرا طاہر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
کیمپ میں 50 سے زائد بچوں نے حصہ لیا، جنہیں فٹنس، روڈ سیفٹی، انڈور کوکنگ، فیشن شو، یوگا، ماک ڈرلز، ٹیم ورک، رنگ بھرنے اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں بچوں کے ساتھ ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ یہ سمر کیمپ بچوں کی ذہنی، تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک نہایت مثبت اقدام ہے، جس کا مقصد بچوں کو محفوظ ماحول میں تعلیمی اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی ٹی بی مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا۔
کیمپ کے اختتام پر بچوں کو ان کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے پر سرٹیفکیٹس دیے گئے جبکہ انتظامیہ کے ارکان کو ان کی محنت اور تعاون پر تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔























