عالمی معروف ٹیکنالوجی فرم مائیکروسافٹ نے تقریباً 9 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے، جو 2023 کے بعد کمپنی کی سب سے بڑی برطرفی مانی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق کمپنی کو زیادہ موثر، لچکدار اور جدید بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ برطرفیاں مائیکروسافٹ کے عالمی ملازمین کا تقریباً 4 فیصد بنتی ہیں۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق یہ اعلان 2 جولائی 2025 کو سامنے آیا اور یہ مائیکروسافٹ کی حالیہ مہینوں میں کی گئی تیسری بڑی چھانٹی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کمپنی تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی لا رہی ہے تاکہ ٹیمیں تیزی سے بدلتی مارکیٹ میں زیادہ مسابقتی اور کامیاب ہو سکیں۔
مائیکروسافٹ کے گیمنگ شعبے کے سی ای او فل اسپینسر نے کہا کہ کچھ علاقوں میں کام کو محدود یا بند کرنا ناگزیر ہو گیا ہے اور انتظامی سطحوں میں کمی کرکے کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے بڑے پیمانے پر عملے کی کمی کی ایک وجہ مصنوعی ذہانت اے آئی
کے بڑھتے ہوئے استعمال کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ کمپنی کا 20 سے 30 فیصد سافٹ ویئر کوڈ اب اے آئی
کی مدد سے تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مائیکروسافٹ اے آئی
انفراسٹرکچر میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں کمپنی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔























