پنجاب کے دارالحکومت لاہور، مری سمیت پشاور اور مضافاتی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع ملتان، پاک پتن، بھکر، رحیم یار خان اور بہاولنگر سمیت کئی شہروں میں رات گئے بارش ہوئی، مری کے بالائی اور نشیبی علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث اندھیرا چھا گیا، تیز ہوا کے ساتھ برسات سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک مری میں تیز بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہ سکتا ہے، اس کے علاوہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تنبیہ کی ہے کہ مون سون کی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے وارننگ جاری کی ہے کہ تیز بارش کے دوران سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر شہر لاہور میں وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، ہوا کی رفتار 26 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے شہر پشاور اور مضافات میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ایبٹ آباد اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش ہوتے ہی شہر بھر میں نالے ابل پڑے ،نشیبی علاقے اور گلیاں زیرآب آگئیں، کینٹ کی آبادی میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور سڑکوں میں دریا بہنے لگے۔
محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے، ان کے مطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ آج شام اور رات میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے، کراچی میں آئندہ 2 روز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بلوچستان میں رواں سال معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہرکردیا، ان کے مطابق جولائی کے دوران بارش کے دو تین اسپیل آئیں گے، اگست میں بلوچستان میں مون سون کی زیادہ بارشیں ہوں گی۔