لاہور، 05 جولائی: صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں وائس چیئرمین اتھارٹی جہاں آراء وٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ نے جہاں آراء اور ان کی ٹیم سے ملاقات میں اتھارٹی کے تحت چلنے والے مختلف پروگراموں میں مذہبی اقلیتوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔
ڈپٹی سی او حیدر عباس نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی کے تحت چلنے والے پروگراموں کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بچیوں کے لیے زیور تعلیم، آغوش اور بالخصوص گیارہ اضلاع میں چلنے والے پروگرام خود مختار، ماں اور بچہ بارے بتایا۔ صوبائی وزیر نے اتھارٹی کے تحت چلنے والے پروگراموں کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اقلیتوں کو اپنے پروگراموں میں شامل کیا جائے تاکہ مل کر احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنا سکیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ اقلیتی امور کا پانچ سالہ روڈ میپ بنا رہے ہیں، خواہاں ہیں کہ آپ کی ٹیم بھی ہمارے ساتھ بیٹھ کر اور اپنے پروگراموں کی وساطت سے مذہبی اقلیتوں کو شامل کرنے کی پالیسی مرتب کرے۔ مذہبی تہواروں پر گرانٹس اور اسکالرشپس میں بھی مل کر ایک حکمت عملی طے کی جائے اور دونوں محکمے مل کر آگے بڑھیں تو اقلیتوں کے لیے تبدیلی لازمی ہو سکے گی۔
جہاں آراء وٹو نے کہا کہ اپنے محکمہ کے پلیٹ فارم سے مینارٹیز کے لیے کام کر رہے ہیں تاہم ہمیں مل کر تعلیم کے ذریعے مینارٹیز کو آگے لانا ہوگا۔ جہاں آراء نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت دونوں شعبوں میں بلا تفریق سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ تعلیم اور صحت دو بنیادی شعبوں میں اگر حکومت عوام کو بلا تفریق سہولیات فراہم کرے تو معاشرہ بہترین طریقے سے پروان چڑھ سکتا ہے، تاہم اتھارٹی بلا سیاسی امتیاز اور بلا مذہبی امتیاز معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لیے کوشاں ہے۔
جہاں آراء وٹو نے امید ظاہر کی کہ رمیش سنگھ کی وزارت میں اقلیتوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ یقینی ہوسکے گا۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے اتھارٹی کی ٹیم کو اپنے دفتر کے دورے کی دعوت دی جس پر جہاں آراء وٹو نے جلد محکمہ اقلیتی امور کے دورے کی یقین دہانی کرائی۔
###