) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے مرکزی کیمپس میں گزشتہ روز پراجیکٹ کلٹیوٹنگ گلوبل سٹیزن شپ کے تحت”پاکستان میں مثبت تبدیلی کے لئے اساتذہ کو بااختیار بنانا“ کے عنوان سے تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا،

لاہور (جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے مرکزی کیمپس میں گزشتہ روز پراجیکٹ کلٹیوٹنگ گلوبل سٹیزن شپ کے تحت”پاکستان میں مثبت تبدیلی کے لئے اساتذہ کو بااختیار بنانا“ کے عنوان سے تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس پراجیکٹ کی قیادت پروفیسر مینگ تیان (ایسوسی ایٹ پروفیسر آف ایجوکیشنل لیڈرشپ، ڈائریکٹر گلوبل انگیجمنٹ، کالج آف سوشل سائنسز، یونیورسٹی آف برمنگھم، برطانیہ اور شریک قیادت ڈاکٹر نعیمہ قریشی (اسسٹنٹ پروفیسر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور) کر رہی ہیں۔ پروجیکٹ کے شراکت داروں میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور، علی انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اور اکیڈمک لیڈرز انوویشن فورم (ALIF) شامل ہیں، افتتاحی تقریب میں 15 جامعات اور مختلف سرکاری و پرائیویٹ سکولز کے 60 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کو طلباء میں عالمی شہریت کو فروغ دینے کے لیے ضروری علم، ہنر اور وسائل کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔
اس پراجیکٹ کی شریک قیادت ڈاکٹر نعیمہ قریشی نے اساتذہ کو ان کی کمیونٹیز میں تبدیلی کے ایجنٹ کے طور پر بااختیار بنانے میں اس پراجیکٹ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کو اہمیت دیتے ہوئے ہم دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید نے اس پراجیکٹ کا خیرمقدم اور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی جدید خطوط پر تربیت انتہائی ناگزیر ہے، ہمیں ایک ایسی نسل کی ضرورت ہے جو نہ صرف علمی طور پر ماہر ہوں بلکہ سماجی طور پر باشعور اور اخلاقی طور پر ذمہ دار ہوں۔ انہوں نے اس پراجیکٹ کے لیے فنڈنگ کرنے پر یونیورسٹی آف برمنگھم، برطانیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔