وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈرز کا تیسرا اجلاس منعقدہوا


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈرز کا تیسرا اجلاس منعقدہوا،جس میں صوبائی وزیر محکمہ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بطور کمیٹی ممبر کے شرکت کی۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ ہوم فضل الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکورٹی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی جی پی پی اینڈ پی ایس محمد شاہد اقبال، پاکستان کرکٹ بورڈ حکام و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ وسیم احمد خان و متعلقہ افسران نے امن و امان سے متعلق بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چائینیز، عیدالفطر اور نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں چینی باشندوں کیلئے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عیدالفطر اور نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں انسانیت کی دشمن پتنگ ساز فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ کی عوام کو پُرامن فضاء فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ پنجاب میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل کوارڈی نیشن میں ہیں۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ پنجاب کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کیلئے حکمت عملی بنائی جائے۔
====================

لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی مریض دوست پالیسی برقرار رکھتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے مخیر حضرات کے تعاون سے عید الفطر اور ٹرو کے دن مریضوں و لواحقین کیلئے سپیشل کھانے کا اہتمام کیا ہے تاکہ علاج کی غرض سے دور دراز کے علاقوں سے ایل جی ایچ آنے والے لوگوں کو گھر سے دوری کا احساس نہ ہواور وہ بھی عید کی خوشیاں دوبالا کر سکیں جبکہ بیمار اور تیماردار کو ناشتہ، دوپہر اور شام کا معیاری کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔