وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ کو دی جانے والی سہولیات کے مشاہدہ کیلئے سرپرائز دوروں کا آغاز کر دیا۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ کو دی جانے والی سہولیات کے مشاہدہ کیلئے سرپرائز دوروں کا آغاز کر دیا۔ رانا سکندر حیات اچانک دورے پر گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ رادھا کشن پہنچ گئے۔ وزیر تعلیم کی اچانک آمد پر عملہ پریشان اور انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ رانا سکندر حیات نے سکول میں جاری امتحانی عمل سمیت وہاں کے مختلف حصوں کا مشاہدہ کیا۔ کلاس رومز میں لاٹئس، صفائی اور صاف پانی کا مناسب انتظام نہ ہونے پر وزیر تعلیم نے سخت برہمی کا اظہار کیا جبکہ کمپیوٹر لیب فنکشنل نہ ہونے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سکول انتظامیہ کو فوری طور پر کمپیوٹر لیب فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکول میں اپنی مدد آپ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے معیار کی بہتری کیلئے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ سکولوں کی بہتری اور مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کسی بھی روز کسی بھی تعلیمی ادارے کا سرپرائز دورہ کرنے، آئندہ 5 سالوں میں پنجاب کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے اور گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائی سکول کوٹ رادھا کشن کی انتظامیہ کو انتظامات کی درستگی کی ہدایت کرتے ہوئے دوبارہ یہاں کا دورہ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ وزیر تعلیم نے یو ایم ٹی میں منعقدہ سیمینار میں بھی خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور تعلیمی اداروں کی قسمت کے فیصلے بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں کریں گے بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تعلیمی ریفارمز لائیں گے۔ طلبہ کو روبوٹکس، پائیتھون سمیت آئی ٹی کی تمام جدید مہارات سکھائی جائیں گی۔ طلبہ کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان واحد امید اور تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں۔ نوجوانوں کی مدد سے پاکستان کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تعلیم کی رینکنگ میں نمبر ون پر لانے اور ایکسپورٹ کے شعبہ میں بھی پاکستان کو ترجیحی ملک بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ اچھی پالیسی کسی بھی جماعت کی ہو، اسے اپنانے میں کوئی عار نہیں۔ ہم ایسا نصاب لائیں گے جو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کون صحیح کون غلط کی بحث سے نکل کر ملک کی بہتری کیلئے کام کرنے کا وقت ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کیلئے نوجوانوں کو 500 سکالرشپس دے گی۔