یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ کیمسٹری نے کیم فیسٹ 2.0/فوڈ گالا کا اہتمام کیا۔


لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ کیمسٹری نے کیم فیسٹ 2.0/فوڈ گالا کا اہتمام کیا۔ فوڈ گالا میں کیمسٹری اور کُلنری آرٹس کے امتزاج کا مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایم فل فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروگرام کے طلباء نے اپنی کھانے کی مصنوعات پیش کیں، جبکہ بی ایس اور ایم فل کیمسٹری پروگرام کے طلباء نے کیمسٹری سے متعلقہ مصنوعات اپنے اپنے اسٹالز پر دکھائیں۔

جوش و خروش میں اضافہ کرتے ہوئے، سلیمان سویٹس اور او ڈی آر فوڈز جیسے معزز برانڈز نے بھی اپنے سی ای اوز کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔فیسٹیول کا آغاز ایک افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ہیومینٹیز اور اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شاہد رفیق اور چیرمین شعبہ کیمسٹری ڈاکٹر ہمایوں اعجاز نے خصوصی شرکت کی۔ دن بھرحاضرین کیلئے متعدد سرگرمیاں جاری رہیں،جن میں کھانے کی بہترین مصنوعات کے تخلیق کاروں کو انعامات سے نوازا گیا۔ انعامات کی تقسیم کے بعد، یونیورسٹی کی مختلف سوسائٹیوں کی جانب سے پیش کردہ میوزیکل اور ثقافتی پرفارمنسزنے ماحول کو مزید سرور بخشا، جس سے شرکاء اور مہمانوں نے بھر پورلطف اٹھایا۔
فیسٹیول کے اختتام پر چیئرمین نے ابن حیان کیمیکل سوسائٹی اور ڈاکٹر ارجمند اقبال درانی کا ایک کامیاب پروگرام منعقد کرانے پر ان کی کوششوں کو سراہا اور اس کی مجموعی کامیابی میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا۔