اٹک شہر کا خبرنامہ


اٹک( مہتاب منیر خان سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زر داری سے ملاقات کی ،قبل ازیں اپنے آبائی گاوں ڈھرنال تحصیل فتح جنگ میں انہوں نے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی محبت ہی اصل قوت ہے جو ان کے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہتی ہے اور ان کی سیاست کا محور عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی ہے، سیاست ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور اس کا مقصد دانشمندی اور تحمل سے عوام کے مسائل کو حل کرنا اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے، عوام کے لئے ان کے دفتر اور گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور لوگ کی دادرسی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وہ اپنی تمام توانائیوں کو برو کار لاتے ہوئے کام کرتے رہیں گے انہوں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں ،اٹک سمیت ملک بھر سے پی پی پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے معززین علاقہ کی بڑی تعدا د نے انہیں گورنر پنجاب بننے پر ان کی رہائش گاہ پر جا کر مبارک باد دی ،سردار سلیم حیدر خان کے گورنر پنجاب کا حلف اٹھانے کے بعد ضلع بھرکے تمام علاقوں میں خوشیاں اور جشن سمیت ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد ہو رہے ہیں ، اس سلسلے میں بولیانوال گاوں سے تعلق رکھنے والے دیرینہ کارکن پی پی پی محمد ادریس بازی لے گئے ، گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری کے موقع پر وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور پہنچے اور تقریب میں بھرپور شرکت کی اوروہ فتح جنگ میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے استقبال کیلئے اپنے علاقہ سے بڑی ریلی لے کر گئے ،ان کے ہمراہ حمزہ علی افتخاراحمد اور کارکنوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے جیالے ہیں اور خون کے آخری قطرے تک پارٹی کا ساتھ نبھائیں گے، گورنر پنجاب نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک اس وقت ایک اہم صورتحال سے گزر رہا ہے اور اس فیصلہ کن مرحلے میں ملک اور قوم کی ترقی کے لئے سب کو اکٹھا ہو کر چلنا پڑے گا تاکہ اس ملک میں خوشحالی آ سکے اور استحکام قائم ہو سکے، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور تمام پالیسیوں کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہی ہوگی،قبل ازیں حلف اٹھانے کے بعد اسلام آباد سے اپنے آبائی گاوں ڈھرنال تحصیل فتح جنگ میں ایک بڑی ریلی کی صورت میں پہنچے،راستے میں براہمہ باہتر انٹرچینج، تاجہ بارا، ملال، فتح جنگ انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر عوام کی کثیر تعداد نے گورنر پنجاب کا فقید المثال استقبال کیا،اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی گاڑی پر لوگوں نے پھول کی پتیاں نچھاور کیں ، گورنر پنجاب نے مختلف جگہوں پر رک کر عوام سے خطاب کیا اور قافلے کے ساتھ چلنے والے لوگوں سے مصافحہ بھی کیا،ڈھرنال سٹاپ پر گورنر پنجاب نے عوام کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا،اس موقع پر انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں ان کے استقبال کے لئے موجود ہیں اور ان کے ساتھ اپنی وابستگی اور محبت کا اظہار کیا ہے ۔
========================

اٹک( مہتاب منیر خان سے)محمد ندیم،اہلمد سیشن کورٹ محمدسلیم ، محمد نعیم کے والد محترم،حاجی نیک محمد کے بیٹے،حاجی فیض محمد، علی محمد کے بھانجے،محمد یعقوب پٹواری کے بہنوئی لالہ محمد مشتاق انتقال کرگئے مرحوم کی نماز جنازہ مدرسہ عبداللہ بن زبیرمرزا کے قریب ادا کی گئی ،جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیرتعداد میں شرکت کی،مرحوم کی رہائش مدرسہ عبداللہ بن زبیر گلی رتی گاڑ میں ہے ۔
=====================

اٹک( مہتاب منیر خان سے)سردار سلیم حیدر خان کے گورنر پنجاب بننے کی خوشی میں پی پی پی اٹک سٹی کے عہدیداروں کے اعزاز میں بلال اعوان دبئی والے کی جانب سے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا،جس میں ضلعی سینئر نائب صدر پی پی پی ملک ساحل سرمد خان ، تحصیل صدر ملک خالد خان، تحصیل جنرل سیکرٹری لالہ فاروق راجپوت ،سابق سٹی صدورلالہ فردوس خان ،محمد نوید،سٹی نائب صدر اسد خان مہمند، ملک راشد ٹرک اڈا والے، شیخ اشتیاق احمد، صدر لیبر ونگ خالد خان، شمشاد اعوان، جمشید عرف میر، کوآرڈینیٹر ایپکا نور محمد اعوان،صدر پی وائی او ملک شعیب خان ، عیصب تاج خان گولڑہ، یاسر نوید، چیئرمین تمباکو کمپنی ابراہیم خان ، احسان خان، گلو خان، حکمت اعوان، ملک حفیظ، طارق خان، ساجد محمود ودیگر نے شرکت کی، ملک ساحل سرمد خان نے بلال اعوان کا شکریہ ادا کر تے ہوئے آئندہ ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا آعادہ کیا ۔
====================

اٹک( مہتاب منیر خان سے)لاکھوں مالیتی ٹریکٹر خرید کر بوگس چیک دینے والا ملزم گرفتار، تفصیلات کے مطابق محمد خالد ولد ضمیر گل سکنہ کوہاٹ نے تھانہ جنڈ میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ نعیم شہزاد ولد یونس مسیح سکنہ جنڈ پر ٹریکٹر بارہ لاکھ روپے میں فروخت کیا جس کے عوض ایک لاکھ روپے موقع پر ادا کیے اور گیارہ لاکھ روپے کی رقم کا چیک دیا، جو بینک میں جمع کرانے پر اکاونٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے ڈس آنر ہو گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے نعیم شہزاد ولد یونس مسیح سکنہ جنڈکو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ۔
======================

اٹک( مہتاب منیر خان سے)رابری کی متعدد وارداتوں میں ملوث گرفتار مجرم اشتہاری ساجد عرف ساجو سے دوران تفتیش لوٹی ہوئی رقم برآمد، تفصیلات کے مطابق تھانہ جنڈ پولیس نے مجرم اشتہاری ساجد عرف ساجو ولد ریشم خان سکنہ ٹمن تلہ گنگ کو چند روقبل گرفتار کیا تھاجو کہ رابری کی متعدد وارداتوں میں تھانہ جنڈ پولیس کو مطلوب تھا، دوران تفتیش ملزم ساجد سے لوٹی ہوئی رقم ساڑھے سترہ لاکھ روپے برآمد کر لی گئی ۔
===================

اٹک( مہتاب منیر خان سے)ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈکیت شانا گینگ گرفتار، لوٹی ہوئی رقم، طلائی زیورات اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد، تفصیلات کے مطابق محمد جمیل ولد شیر گل نے تھانہ فتح جنگ میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ اپنی فیملی کے ہمراہ گھر میں سو رہا تھا کہ دروازہ توڑنے کی آواز آئی جیسے ہی دیکھا کہ تین افراد گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر90ہزار روپے اور سونا مالیتی 95000 روپے لوٹ کر لے گئے جبکہ دختر حیات محمد نے درخواست دی کہ تین نقاب پوش نامعلوم افراد میرے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر میرے گھر سے موبائل فون، 26000 روپے اور لاکھوں مالیتی سونا لے کر فرار ہو گئے تھانہ فتح جنگ پولیس نے فوری طور پر مقدمات درج کیے، ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم زیر نگرانی ایس ایچ او فتح جنگ سب انسپکٹر فیصل امین نے تشکیل دی، جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قلیل وقت میں خطرناک ڈکیت شانا گینگ جس کے ممبر وحید گل ولد باچا گل، محمد ارسلان ولد محمد عرفان اور محبت خان ولد شفقت خان سکنائے فتح جنگ کو گرفتار کیا، دوران تفتیش ملزمان کے قبضہ سے لوٹی ہوئی رقم، طلائی زیورات اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائزاسلحہ تین پسٹل 30 بور معہ گولیاں برآمد کر کے اسلحہ آرڈیننس کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے،ڈی پی او نے فتح جنگ پولیس کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اٹک پولیس اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام و الناس کی جان و مال کی حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔
======================