اسریٰ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے آٹھویں جلسہ تقسیم اسناد میں 269 طلبا و طالبات کو اسناد دی گئیں


اسریٰ یونیورسٹی کا نام Faimer اور ورلڈ ڈائریکٹری آف میڈیکل اسکولز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن میں بھی درج ہیں احمد ولی اللہ قاضی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وائس چانسلر پروفیسر احمد ولی اللہ قاضی نے اسری یونیورسٹی کراچی کیمپس میں آٹھویں جلسہ تقسیم اسنادکی تقریب میں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کی کامیابی کا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ آج آپ لوگ اپنی منزل کے قریب ہیں جہاں سے آپ کو اپنا روشن مستقبل دکھائی دے رہا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اپنی عملی زندگی میں اپنی محنت اور لگن سے اپنا، اپنے والدین اور ملک و قوم کا نام ضرور روشن کریں گے میری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اسریٰ یونیورسٹی کی کامیابیوں پر چانسلر، وائس چانسلراور دیگر لوگوں کے کردار کو بھی سراہا۔انہوں نے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ لوگوں پر فخر ہے کہ آج آپ لوگ اسری ٰیونیورسٹی سے ڈگریاں حاصل کرکے اپنی عملی زندگی میں قدم رکھ رہے ہیں اور آج سے آپ کی زندگی کا نیا سفر شروع ہونے جا رہا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اپنی محنت اور لگن سے لوگوں کی خدمت کریں گے اور اپنے شعبے کے ساتھ انتہائی سچائی اور ایمانداری کے ساتھ عمل پیرا ہوں گے۔جبکہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اسریٰ یونیورسٹی کو پاکستان کی ایک بہترین پرائیویٹ یونیورسٹی کے اعزاز سے بھی نوازا ہے اور ہمارے ڈگری پروگرامز ہائر ایجوکیشن سے منظور شدہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسریٰ یونیورسٹی کا نام Faimer اور ورلڈ ڈائریکٹری آف میڈیکل اسکولز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن میں بھی درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے علاوہ ہمارے دو کیمپس اور بھی ہیں جن میں حیدر آباد اور اسلام آباد کے کیمپسز شامل ہیں اور وہ بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ ہیں جہاں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے دئیے جاتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے طلباء کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دن صرف آپ کی کامیابیوں کا دن ہے اور میں آپ کے اچھے مستقبل اور کامیابیوں کیلئے دُعا گو ہوں۔بعد ازاں 269 کامیاب طلباء و طالبات کو سند دی گئیں
اس موقع پر ایم بی بی ایس، ڈاکٹر آف فزیکل تھیراپی، ویژن سائنسز اور نرسنگ کے 260 کامیاب طلبا ء و طالبات کو اسناددی گئیں۔ جبکہ 9 طلباء و طالبات نے پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔اسری یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام قادر قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسری یونیورسٹی حکومت سندھ سے سند یافتہ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ ہے۔انہوں نے نوجوان فارغ التحصیل طلباء سے کہا کہ آج کا دن آپ کی زندگی میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آج کا دن آپ کی سالوں کی محنت کا صلہ ہے جس میں آپ کے والدین اور اساتذہ کی محنت شامل ہے اور آج آپ اپنے والدین اور اساتذہ کی امید اور خواہش کو پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں مجھے اُمید ہے کہ آپ پاکستان کے مستقبل کے لیڈر ہوں گے اور انشاء اللہ کامیابیاں آپ کے قدم چومیں گی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر صالح میمن نے سونے، طلائی اور چاندی کے تمغے ان طلباء وطالبات کو دیے گئے جنہوں نے اپنے تعلیمی دور میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سونے کا تمغہ حاصل کرنے والوں میں نور بانو، زینب آصف، محمد طارق، ذیشان شبیر عباسی اور شروم مسیح شامل ہیں۔ جبکہ چاندی کے تمغے مشک ثانیہ، نمرا، شیخ عذیر محسن اور کاشف یعقوب نے حاصل کئے اور طلائی کے تمغے نور بی بی، بختاور ناز، عریبا یوسف اور شبیر احمد کو دئیے گئے۔جلسہ تقسیم اسناد میں طلباو طالبات کے علاوہ ان کے والدین، اساتذہ اور عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر اسری اسلامک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے تقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ میں آپ کو نئی منزل کی جانب گامزن ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ آپ لوگ اسی طرح کامیابیاں سمیٹتے رہیں۔