ورون دھون اور جھانوی کپور کی فلم ’باوال‘ کا پریمیئر ایفل ٹاور پر ہوگا

بالی ووڈ کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور اور اداکار ورون دھون کی آنے والی فلم ’باوال‘ کا ورلڈ پریمیئر پیرس کے مشہور مقام ایفل ٹاور میں منعقد ہوگا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم باوال جولائی کے وسط میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی، ایفل ٹاور میں ورلڈ پریمیئر کے بعد یہ پہلی بھارتی فلم بن جائے گی جس کی نمائش اس مشہور اور آئیکونک مقام پر ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پریمیئر کی تقریب ایفل ٹاور کی پہلی منزل پر قائم تھیٹر (Salle Gustave Eiffel) میں ہوگی جس کے پس منظر میں محبت کے اس شہر کا ایک خوبصورت نظارہ دیکھا جاسکے گا۔

ورلڈ پریمیئر کی اس شاندار تقریب میں فلم ’باوال‘ کی کاسٹ کے ساتھ شوبز کی معروف شخصیات اور فرانسیسی سفارتکار بھی شریک ہوں گے اور اسے بالی ووڈ انڈسٹری کا سب سے بڑا پریمیئر ہوگا، جس کا مقصد عالمی سطح پر فلم بینوں کو بالی ووڈ اور بھارتی سینما کی جانب متوجہ کرنا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس فلم کی کہانی لو اسٹوری ہے جو دوسری جنگ عظیم کے دوران پروان چڑھتی ہے، اس کہانی میں شہر پیرس کا ایک اہم کردار ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ اس فلم کے کئی مناظر پیرس میں شوٹ کیے گئے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا اور نتیش تیواری فلم کے ورلڈ پریمیئر کے لئے تیار ہیں، فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمزون پرائم پر ریلیز کی جائے گی۔