’’خواجہ غریب نواز چوک‘‘ کا افتتاح اہلیانِ کراچی کی عقیدت کا نتیجہ ہے، طحہ سلیم


پریس ریلیز
’’خواجہ غریب نواز چوک‘‘ کا افتتاح اہلیانِ کراچی کی عقیدت کا نتیجہ ہے، طحہ سلیم
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بے نامی اسٹریٹ چوراہوں کے نام اولیاء اللہ پر رکھوانے کا سہرا وجاہت شاہ صاحب کے سر ہے، ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی
قاضی سید میر شجاعت علی شاہ تاجی کے دست مبارک سے افتتاح، میونسپل کمشنر شمعونہ صدف، سارہ امجد، حسن عباس، فیصل، ظہیر صاحب و دیگر نامور شخصیات کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مشہور ڈاکخانے چوک کا نام سلطان الہند حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے ’’خواجہ غریب نواز چوک‘‘ منسوب کرنے کی تقریب کا انعقاد 21 جون 2023ء کو کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بے نامی اسٹریٹ چوراہوں کے نام اولیاء اللہ پر رکھوانے کا سہرا وجاہت شاہ صاحب کے سر ہے۔ اُن کی ہی تحریک اور کاوشوں سے سابقہ انتظامیہ نے یہ قرارداد منظور کی تھی اور آج ہمیں یہ شرف حاصل ہورہا ہے کہ مشہور ڈاکخانے چوک کا نام خواجہ غریبؒ کے نام سے منسوب کررہے ہیں۔ اس چوک کا افتتاح سجادہ نشین خانقاہ تاجیہ امجدیہ قاضی سید میر شجاعت علی شاہ تاجی، ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم، میونسپل کمشنر شمعونہ صدف، اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد سارہ امجد، ڈائریکٹر حسن عباس، ہیڈ ڈی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ فیصل صاحب، ڈائریکٹر سینیٹیشن ظہیر احمد، مرکزی وائس چیئرمین قومی امن کمیٹی قاضی سید میر وجاہت علی شاہ تاجی و دیگر معززین شہر نے کیا۔ اس موقع پر قاضی سید میر وجاہت علی شاہ تاجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے کہ پاکستان کے دل کراچی، کراچی کے دل لیاقت آباد اور لیاقت آباد کے دل ڈاک خانہ چوک کا نام خوجہ ہندالولی خواجہ غریب نوازؒ کے نام سے منسوب کیا جارہا ہے۔ اسی طرح ناگن چورنگی کا نام امام ابوحنیفہؒ کے نام پر بھی رکھنے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ صوفی ازم صرف قوالی اور نعت خوانی کا نام نہیں، بلکہ انسانیت کی خدمت کا نام بھی ہے اور جب تک ہم اپنی نوجوان نسل اور آنے والی نسل کو اپنے اسلاف کے بارے میں اُن کے کارناموں کے بارے میں آگاہ نہیں کریں گے، ہم بہترین معاشرہ تخلیق نہیں کرسکتے۔ یہ ہمارے اسلاف، ہمارے اولیاء ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ جن سے اگر ہم دور نکلے تو اپنا ایمان بھی برباد کربیٹھیں گے۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر شمعونہ صدف نے کہا کہ وجاہت شاہ تاجی کا اس سلسلے میں بہت بڑا کردار ہے، جس پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ اُن کی شکر گزار ہے اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ کہ آپ خانقاہ سے نکل کر رسم شبیری ادا کررہے ہیں۔ اس موقع پر سینئر صحافی آصف جے جا، پاکستان میں ہڈی و جوڑوں کے مشہور معالج جمیل احمد، قومی امن کمیٹی سندھ کے صدر شریف خان کوٹی، اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ نیشنل بینک خلیفہ ندیم خان تاجی، سلسلہ تاجیہ سے منسلک افراد اور معززین شہر نے شرکت کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
جاری کردہ: مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات