وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ اور پولیس کو سڑکوں پر ملبہ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا

کراچی (18 جون) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہر کی سڑکوں پر ملبہ یا کوڑا کرکٹ پھینکتے ہوئے پائے جانے پر گاڑیوں کو ضبط کریں، ڈرائیوروں اور ٹھیکیداروں کو گرفتار کریں۔ یہ عمل ناقابل قبول ہے اور اگر ملبہ سڑکوں پر پھینکا گیا تو میں انتظامیہ اور پولیس کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔ انہوں نے یہ ہدایات اتوار کی صبح شہر کے دورے کے دوران کمشنر کراچی کو جاری کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، معاون خصوصی سید قاسم نوید اور ڈپٹی میئر سلمان مراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سید مراد علی شاہ نے مختلف اضلاع بالخصوص کورنگی اور ملیر کا دورہ کیا اور کورنگی روڈ کے ساتھ ملبہ اور کوڑا کرکٹ کو دیکھا۔ وزیراعلیٰ سندھ اپنی گاڑی سے باہر نکلے اور ڈپٹی کمشنر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈی آئی جی کو بلایا اور ملبہ سڑک پر ڈالنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈی سیز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کریں کہ اگر وہ گاڑیاں، انکے مالکان اور ٹھیکیدار سڑکوں پر ملبہ ڈالتے ہوئے پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے میں لاپرواہی برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کی حکومت شہر کی صفائی اور ملبے کو لینڈ فل سائٹ پر منتقل کرنے پر لاکھوں روپے خرچ کر رہی ہے، اس کے برعکس لوگ اپنا کوڑا کرکٹ اور تعمیراتی سامان اور ملبہ سڑکوں پر ڈال رہے ہیں۔
عبدالرشید چنا
=====================