سندھ ہائی کورٹ نے بڑے پارکوں میں عوام کے داخلے پر فیس لگانے سے متعلق درخواست پر فیس کے ٹینڈرز کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا

سندھ ہائی کورٹ نے بڑے پارکوں میں عوام کے داخلے پر فیس لگانے سے متعلق درخواست پر فیس کے ٹینڈرز کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا۔

جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عبد الرحمان پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو بڑے پارکوں میں عوام کے داخلے پر فیس لگانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار طارق منصور ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے پارکوں میں عوامی داخلہ فیس پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ کا حکم ہے پارکوں میں داخلے پر کوئی فیس نہیں ہوگی۔ سپریم کورٹ پابندی کے باوجود آج ٹینڈرز دیے جا رہے ہیں۔ ہل پارک، جھیل پارک، امیر خسرو پارک پر عوامی داخلہ فیس عائد لی جا رہی ہے۔ بیچ ویو پارک کلفٹن، پولو گراونڈ و دیگر پارکوں پر عوامی داخلہ فیس کو روکا جائے۔ ڈائریکٹر پارکس کو آج ٹینڈرز جاری کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے عوامی داخلہ فیس کے ٹینڈرز کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا۔ عدالت نے آج ہونے والی ٹینڈرز کی کارروائی روکنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سیکریٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ڈی جی پارکس کو بارہ جون کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔