سی ویو سے اغوا 2کمسن بچیاں بازیاب،ملزمان گرفتار

کراچی- کراچی کے علاقے سی ویو سے عید کی تعطیلات کے دوران اغوا کی جانے والی دو بچیوں کو بازیاب کرالیا گیا، پولیس نے اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا

سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پیغام میں پولیس کی کامیاب کارروائی سے متعلق بتایا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران سی ویو سے اغوا ہونے والی دو معصوم بچیوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں بچیاں ان کے والدین کے حوالے کردی گئی ہیں۔ جبکہ اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جنوبی زون کی پولیس ٹیم کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی

==========================

تحریک انصاف کی4 خواتین سمیت 7 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا
اسلام آباد پولیس نےدفعہ 144کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتارکیا

اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کی 4 خواتین سمیت 7کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایف نائن پارک کے سامنے سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے دفعہ 144کی خلاف ورزی پرپی ٹی آئی کی 4خواتین سمیت 7کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کا ریلی نکالنے کا اعلان، وفاقی پولیس نے گرفتاریوں کا حکم دیدیا

پاکستان تحریک انصاف نے اجازت نہ ملنے کے باوجود وفاقی دارالحکومت میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، جس پراسلام آباد پولیس نے مظاہرین کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے، انتظامیہ نے شہر میں جلسے جلوس، ریلیوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔