گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کیئر میں ایمبولنس اور ہاسپٹل سٹاف کی ٹریننگ وقت کی اہم ضرورت ہے


لاہور(جنرل رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کیئر میں ایمبولنس اور ہاسپٹل سٹاف کی ٹریننگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ روڈ ایکسیڈنٹ اور دیگر حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے پہلے چند منٹ بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ حادثہ کے بعد زندگی بچانے کیلئے پہلا گھنٹہ ‘ گولڈن آور’ ہے۔ اس میں زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے تک مناسب طبی امداد مل جائے تو اموات کی تعداد میں بڑی کمی آسکتی ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کارڈیک فرسٹ ریسپانس، بیسک لائف سپورٹ، ایڈوانس لائف سپورٹ جیسے زندگی بچانے والے کورسز کے ذریعے ایمبولنس سٹاف اور ہیلتھ ورکرز کو تربیت فراہم کررہی ہے۔ میں یونیورسٹی کے اس وژن کی بھرپور تائیدکرتا ہوں۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز طبی عملے کی تربیت کے حوالے سے سینٹر آف ایکسیلنس کا درجہ حاصل کرچکی ہے۔ وہ گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن آئرلینڈ کے مابین توسیع معاہدہ کی دستاویز پر دستخط کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر سپشلائزڈ ہیلتھ پروفیسر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری و سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر ناصر جمال، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، سابق چیئرمین پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الٰہی، چیف ایمبولنس آفیسر نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن ڈاکٹر میکارٹن ہیوز، ہیلتھ سروس ایگزیکٹو نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن ڈیسمنڈ ویڈ، کنٹرولر امتحانات یو ایچ ایس پروفیسر ثاقب محمود، رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم، ڈائریکٹر خصوصی اقدامات اور کورس کوآرڈینیٹر پروفیسر سارہ غفور، ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر خالد رحیم اور سینئر کورس انسٹرکٹر ڈاکٹر فاروق بٹ موجود تھے۔ اپنے خطاب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ہاسپٹل پہنچنے سے قبل ملنے والی طبی امداد کی اہمیت سے ذاتی طور پر آگاہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ انھوں نے اپنے 13سالہ زخمی بیٹے کو ایمبولنس میں کھویا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ بیٹے کی موت زخموں سے نہیں بلکہ مناسب اور بروقت طبی امداد نہ ملنے سے ہوئی۔ گورنر بلیغ الرحمن یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اپنے انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ ایمرجنسی میڈیسن کے ذریعے گزشتہ ایک دہائی سے ہیلتھ پروفیشنلز کو کلینکل سکلز پر مبنی تربیتی کورسز کروارہی ہے۔ نیشنل ایمولینس سروس کالج سے معاہدے کے بعد یونیورسٹی کے ان کورسز کو بین الاقوامی منظوری بھی ملے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ یو ایچ ایس ہیلتھ پروفیشنلزکی استعداد کار بڑھانے اور انھیں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک سینٹر آف ایکسیلنس کا درجہ حاصل کرچکی ہے۔ نگران وزیر سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ یونیورسٹی کے یہ کورسز مریضوں کی دیکھ بھال، ہیلتھ سروسز کی فراہمی اور ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈکس اور متعلقہ ورکرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں گزشتہ دس سال سے ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اس لیے ان کورسز کا دائرہ کار پنجاب کے 85 تحصیل ہسپتالوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انھوں نے ان کورسز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں آئرش ماہرین کے کردار کو سراہا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن راٹھور نے کہا کہ یو ایچ ایس نے پنجاب کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں کام کرنے والے کنسلٹنٹس، ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکس اور فارماسسٹس سمیت 45,000 ہیلتھ پروفیشنلز کی کلینیکل مہارتوں میں اضافے کے لیے تربیت کا آغاز2022ء میں کیا۔ ان ہسپتالوں کے طبی عملے کو 16 مختلف سکل ڈویلپمنٹ کورسز پڑھائے جارہے ہیں۔ یہ تربیت یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ ایمرجنسی میڈیسن کے ذریعے پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ساتھ معاہدے کے فیز ٹو کے تحت دی جا رہی ہے۔ معاہدے کے پہلے مرحلے میں یو ایچ ایس 2017ء سے 2021ء تک پنجاب بھر کے 25 ڈی ایچ کیو اور 15 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں 32,000 ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت کے لیے 24 سکل ڈویلپمنٹ کورسز کر اچکی ہے۔ دوسرے مرحلے میں اب تک دس ہزار ہیلتھ پروفیشنلزکو تربیت دی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اس وقت کارڈیک فرسٹ رسپانس، بیسک لائف سپورٹ، کمیونیکیشن اینڈ انٹرپرسنل اسکلز، ایمرجنسی آبسٹیٹرکس اور نوزائیدہ کی دیکھ بھال، بلڈ بینک کی پالیسی اور طریقہ کار اور طبی ریکارڈ دستاویزات کے حوالے سے ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت کے کورسز کا انعقاد کررہی ہے۔وی سی یو ایچ ایس کا کہنا تھا کہ اب جلد ہی ایمرجنسی میڈیسن میں دو سالہ ڈپلومہ کورس کا آغاز کرنے جارہے ہیں جبکہ مستقبل میں اس شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔بعدازاں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔یو ایچ ایس کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور جبکہ نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن کی جانب سے ڈاکٹر میکارٹن ہیوز نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے ملکر پاکستانی ہیلتھ ورکرز کو زندگی بچانے والی مہارتوں کی تربیت دیں گے اور اس کا سرٹیفکیٹ بھی مشترکہ طور پر جاری ہوگا۔ ان کورسز کے نصاب، ٹریننگ میٹریل اور لوکل ماسٹر ٹرینرز کی تیاری میں بھی نیشنل ایمبولنس کالج آئرلینڈ مدد فراہم کرے گا۔