دنیا میں اسلاموفوبیا کا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، اس سے نمٹنے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔


نیو یارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برداری کو خبردار کیا ہے کہ دنیا میں اسلاموفوبیا کا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، اس سے نمٹنے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلاموفوبیا آج کے دور کا اہم مسئلہ ہے، نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ جیسے افسوسناک واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسلاموفوبیا دنیا میں پھیل رہا ہے، دین سے وابستگی ہر مسلمان کا انتہائی گہرا ذاتی معاملہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے بعض واقعات میں مسلم کش فسادات کو سرکاری اور کئی کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے، دیکھا گیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم چلانے والے مسلمانوں سے نفرت کرنے والوں سے ان کی وابستگی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف پہلی بار 15 مارچ کو عالمی دن منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ او آئی سی کے ساتھ مل کر اسلاموفوبیا سے نمٹنے کا لائحہ عمل تیار کرے، اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلیے اقوام متحدہ خصوصی نمائندہ تعینات کرے جبکہ خطرے میں گھرے دنیا میں قائم ہزاروں مساجد مقدس مقامات کی حفاظت کیلیے اقدامات کرے۔

’اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کا نشانہ بننے والوں کی دادرسی کرے۔ ہمارے خطے میں جمہوری معاشرے کہلانے والے ممالک میں مسلم مقدس مقامات اور مساجد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خطے میں جمہوری کہلانے والے ملک اسلام پر پابندیاں لگارہے ہیں۔ خطے میں جمہوریت پسند ملک مذہبی انتہا پسندی کا گڑھ بنتا جا رہا ہے۔‘
====================