حکمران اپنی عیاشیوں کو ختم کرنے کی بجائے غریبوں کوختم کرنے والی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،جماعت اسلامی یوٹیلٹی اسٹورزپر معمولی سبسڈی بھی ختم کرکے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا گیا،مجاہد چنا*


کراچی(۔ نعیم اختر) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنانے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورزپربھی دود،ڈائپرز،شیمپوز،سرف اورصابن سمیت درجنوں برانڈڈاشیاءمہنگی کرنے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غریب ومتوسط طبقے پربجلی گرانے کے مترادف قراردیا ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ عوام کی حالت زار پر رحم اورعام آدمی کا معیارزندگی بھتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ بھی عزت کے ساتھ زندہ رہ سکے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ پہلے ہی 9کروڑ سے زاید آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پرمجبور ہے حقیقت میں غریب اور درمیانے طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ فی کس آمدنی کم ترین سطح پر آجانے سے ہر شخص کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے اور مہنگائی کی یہ کیفیت کسی بھی سطح پر رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔ آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے جو پیشگی شرائط منوائی ہیں وہ عوام الناس کیلئے مہنگائی کا ایک نیا سیلاب ثابت ہوئی ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کی شکل میں غریب سے اشیائے ضروریہ کے حصول کا آخری سہارا بھی چھنتا دکھائی دینے لگا ہے جو ہزاروں کی تعداد میں ملک کے کونے کونے میں پھیلے ہوئے کروڑوں غریب افراد کی کسی حد تک روزمرہ ضروریات پوری کرتے آرہے ہیں۔نزول قرآن مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک شروع ہونے میں ایک ابھی ماہ باقی ہے مگر اس سے قبل ہی مہنگائی کے طوفان اوریوٹیلٹی اسٹورزپرملنے والی معمولی سبسڈی بھی ختم ہونے سے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔شہباز شریف کی قیادت میںپی ڈی ایم قیادت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کو زندہ دفن کرنے کے لیے تیزی سے عملدرآمد کررہے ہیں،ڈالرکی تیزی سے اڑان،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میںبار بار اضافے،گیس،بجلی مہنگی کرنے سے ہر چیز مزید مہنگی ہوگی جس سے عام آدمی سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے، حکمران اپنی عیاشیوں کو ختم کرنے کی بجائے غریبوں کوختم کرنے والے مشن پر عمل پیرا ہیں۔
==============

=======