بھارتی و آسٹریلوی کمنٹیٹرز کی آن کیمرا نوک جھونک

بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بھارتی کمنٹیٹر دنیش کارتھک اور آسٹریلین کمنٹیٹر مارک وا میں نوک جھونک ہوئی جسے کیمرے نے ریکارڈ کرلیا۔

واضح رہے کہ ناگپور پچ کو آسٹریلینز نے ٹیمپر کہا تھا تاہم اسی وکٹ پر آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ کینگروز کےلیے درست ثابت نہ ہوسکا اور مہمان ٹیم کی پہلی اننگز 177 رنز پر سمٹ گئی۔ بھارت نے دن کے اختتام تک صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 77 رنز بنالیے۔
جہاں میدان میں گرما گرمی دیکھنے میں آئی وہی بھارتی اور آسٹریلین کمنٹیٹرز کے درمیان بھی لفظی جنگ ہوگئی۔

دنیش کارتھک نے کہا ’مجھے ایسا لگتا ہے بھارت اس میچ میں صرف ایک ہی مرتبہ بیٹنگ کرے گا‘ جس پر مارک وا نے کہا ’ہم دیکھیں گے دنیش۔‘

اس پر بھارتی کمنٹیٹر نے کہا ’میرے الفاظ لکھ لو‘ جس کے جواب میں مارک وا کا کہنا تھا کہ ’کیا وقت ہوا ہے؟ تین بجکر پانچ منٹ ہورہے ہیں۔ میں یہ اپنی ڈائری میں لکھ لوں گا۔ یہ (دنیش) درست ہوسکتا ہے لیکن سب آسان نہیں ہوگا۔‘

دنیش کارتھک کہتے ہیں ’یہ اتنا مشکل بھی نہیں جتنا آسٹریلوی بلے بازوں نے بنادیا۔‘ اس پر مارک وا بولے ’میرے کہنے کا مطلب ہے کہ جب تک دونوں سائیڈز بیٹنگ نہ کرلیں تب تک پچ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ دیکھتے ہیں چیزیں کس طرح سامنے آتی ہیں۔ یہ سیشن بہت بڑا ہونے والا ہے، آسٹریلینز بھارتیوں کو اتنی آسانی سے جانے نہیں دیں گے۔‘

مارک وا نے بھارتی بیٹنگ لائن کو سطحی قرار دیتے ہوئے کہا ’یہ بھارتی بیٹنگ لائن اتنی اچھی نہیں جتنے چند آسٹریلین کھلاڑی ہیں۔ میں اس ٹیم میں 60 کی اوسط والے دو کھلاڑی نہیں دیکھ پا رہا۔‘

اس کے جواب میں دنیش کارتھک کا کہنا تھا کہ ’بھارت میں 60 کی اوسط سے اوپر کا صرف ایک کھلاڑی ہے۔‘ اس پر مارک وا نے روہیت شرما، ویرات کوہلی اور چتیشور پجارا کی تعریف کی۔