لاہور(جنرل رپورٹر)نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا

لاہور(جنرل رپورٹر)نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے این سی اے سے باہر مال روڈ پربڑی پکچر وال بنائی گی، جبکہ ظہور الاخلاق گیلری این سی اے میں کشمیر ڈے کی مناسبت سے پوسٹرز کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اسکے ساتھ ساتھ این سی اے نے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں سے یکجہتی کے لئےخصوصی ڈاکومنٹری بھی ریلیز کی ۔
وائس چانسلر این سی اے پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستانی کی شہ رگ ہے۔ تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے ۔ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی قوم یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کررہی ہے۔ خطے میں پائیدار امن و سلامتی اور ترقی کا انحصار تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل پر ہے ۔
نیشنل کالج آف آرٹس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں سینئر فیکلٹی ، طلبہ و طالبات اور سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔