احسن خان کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ سن کر ان کے فین ہوگئے

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان بھی کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ سن کر ان کے فین ہوگئے۔

احسن خان نے کیفی خلیل سے ان کا مشہور گانا کہانی سنو براہ راست سنا، جسے سننے کے دوران وہ ان سے کافی متاثر نظر آئے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر احسن خان نے کیفی خلیل کا گانا گانے کی ویڈیو شیئر کی ہے، جسے مداح خوب پسند کر رہے ہیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں احسن خان نے لکھا کہ کیفی خلیل کی بہت ہی حیرت انگیز آواز ہے، ان میں سپر ٹیلنٹ ہے۔
انہوں نے کیفی خلیل کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’کام کو مزید جاری رکھیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو خوب پسند کر رہے ہیں اور دلچسپ تبصروں کے ذریعے کیفی خلیل کو سراہتے بھی نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے کیفی خلیل نے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی زبان کے مقبول ترین گانے ’کنا یاری‘ کے بول لکھے اور گائے تھے۔

خیال رہے کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘ کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا، اس کے بعد کیفی خلیل نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں بھی ریلیز کیا جسے مداحوں نے بےحد پسند کیا۔