معروف شوبز ستاروں کی شادیاں ٹوٹنے کا سلسلہ اب تک نہ رک سکا

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی آپس میں شادیوں کی جہاں اچھی مثالیں موجود ہیں وہیں مداحوں کو کچھ برے تجربات دیکھنے کو ملے ہیں۔

کسی بھی فنکار جوڑی کے ٹوٹنے پر مداح بھی پریشان اور غمگین ہوتے ہیں اور ردِ عمل کا اظہار کرتے ہیں، حال ہی میں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ٹوٹنے والی جوڑیوں میں سب سے زیادہ دُکھ مداحوں کو سجل علی اور احد رضا میر، فیروز خان اور علیزے سلطان، شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کا ہوا ہے۔

کچھ جوڑیوں نے اولاد جیسی نعمت ہونے کے باوجود بھی علیحدگی کا فیصلہ کیا جو کہ مداحوں کے لیے کافی مایوس کُن بات رہی۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں شادی اور بعد میں طلاق پر تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کرنے والے 12 جوڑے یہ ہیں۔

زیبا بختیار اور عدنان سمیع
اداکارہ زیبا بختیار اور گلوکار عدنان سمیع کی شادی 1993 میں ہوئی تھی جبکہ اسی سال اِن کے ہاں اِن کی پہلی اولاد اذان سمیع خان کی ولادت بھی ہوئی۔

یہ جوڑی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 1997 میں اِن میں علیحدگی ہو گئی۔

اظفر علی اور سلمیٰ حسن
اظفر علی اور سلمیٰ حسن کی شادی تقریباً 9 سال چل سکی، اس شادی کااختتام اظفر علی کے اداکارہ نوین وقار سے شادی کے فیصلے پر ہوا۔

سلمیٰ کا ایک انٹرویو کے دوران بتانا تھا کہ اُن کے شوہر نے اُنہیں آپشن دیا تھا کہ اُن کی نوین وقار سے شادی کے بعد اگر وہ ساتھ رہنا چاہتی ہیں تو رہ سکتی ہیں، سلمیٰ کے مطابق اُنہیں یہ شادی ختم کرنا ایک اچھا آپشن لگا، اُن کے خیال میں میں اکیلے رہنا ایک مُردہ رشتے میں بندھے رہنے سے بہتر تھا۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری
یہ خوبصورت جوڑی ایک دوسرے کے پرانے دوست ہیں، اداکارہ سائرہ اور اداکار شہروز کی 2012 میں شادی ہوئی جبکہ اِنہوں نے 2020 میں طلاق کے فیصلے کے بعد رشتہ ختم کر لیا۔اس جوڑی کی ایک بیٹی نوریح بھی ہے۔

نعمان جاوید اور فریحہ پرویز
گلوکار نعمان جاوید اور گلوکارہ فریحہ پرویز کی 2016 میں شادی ہوئی اور چند ماہ بعد ہی ٹوٹ گئی، بعد ازاں اسی سال نعمان جاوید نے اداکارہ جاناں سے شادی کی اور یہ شادی بھی زیادہ دیر نہ چل سکی اور 2017ء میں طلاق پر اختتام پذیر ہو گئی۔

شمعون عباسی اور جویریہ عباسی
اداکار شمعون عباسی نے اپنی سوتیلی بہن جویریہ عباسی سے شادی کی، اس جوڑی کی ایک بیٹی بھی ہے، بہرحال اِن کی طلاق کے بعد اداکار شمعون نے ’مولا جٹ‘ کی ’دارو‘ اداکارہ حمیمہ ملک سے شادی کی۔

شمعون عباسی اور حمیمہ ملک کی شادی بھی زیادہ دیر نہ چل سکی اور اس جوڑی میں بھی دو سال بعد طلاق ہو گئی۔

دانیا راحیل اور فریال محمود
اداکارہ فریال محمود اور اداکار دانیال راحیل نے 2020 میں شادی کی تھی، اس جوڑی کی شادی بھی ٹھیک 7 ماہ بعد نامعلوم وجوہات کے سبب ختم ہو گئی تھی۔
سجل علی اور احد رضا میر
پاکستانی شوبز کی حالیہ مقبول ترین جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان پہلے علیحدگی کی خبریں زیرِ گردش رہیں مگر اِن دونوں فنکاروں کی جانب سے تاحال کوئی تصدیقی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اداکارہ سجل علی کے سوشل میڈیا پر اپنے نام کے ساتھ احد کے نام ہٹانے پر مداحوں کو اس جوڑی کے ٹوٹنے کی خبر پر یقین اور کافی افسردگی ہوئی۔

اس جوڑی کی شادی 2020 کے مارچ میں ہوئی تھی جبکہ شادی کے ٹوٹنے کے باوجود سجل اور احد نے ایک دوسرے کے ساتھ کام کے دوران لی جانے والی تصویروں کو اپنے اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ نہیں کیا ہے۔

ہاں البتہ یہ جوڑی اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اپنی شادی کی تصویریں ڈیلیٹ کر چکے ہیں۔

فیروز خان اور علیزے سلطان
کئی ماہ افواہوں کے بعد پاکستانی اداکار فیروز خان کی جانب سے بھی اہلیہ علیزے سلطان سے شادی کے ٹوٹنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

اس جوڑی کے دو بچے ہیں اور طلاق کے بعد اولاد کی حوالگی کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

علیزے سلطان اور فیروز خان کی شادی تقریباً چار سال چلی، علیزے کی جانب سے شوہر، فیروز خان پر الزام عائد کیے گئے ہیں کہ اُنہوں نے فیروز سے شادی کے 4 سال کے دوران ذہنی جسمانی تشدد اور اذیت کا سامناکیا۔

آئمہ بیگ اور شہباز شگری
گلوکارہ آئمہ بیگ کی جانب سے بھی شہباز شگری کے ساتھ منگنی ٹوٹنے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا تھا، یہ اعلان اس وقت سامنے آیا تھا جب مداح اس جوڑی کی شادی کا انتظار کر رہے تھے۔

ثناء فخر اور فخر جعفری
فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ ثناء فخر نے بھی حال ہی میں اپنے 14 برس پرانے رشتے کے ٹوٹنے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

اداکارہ کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ان کے اور ان کے شوہر کے راستے اب جدا ہوچکے ہیں، ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ رشتہ ٹوٹنے کا فیصلہ بہت تکلیف دہ ہے مگر خود کو بہت تکلیف سے بچانے کے لیے یہ تکلیف ضروری ہے۔

اس جوڑی کی شادی 2008ء میں ہوئی تھی، ان کی شادی اس وقت ہوئی جب ثناء اپنے کیریئر کے عروج پر تھی، اس جوڑی کے دو بچے بھی ہیں۔

عمران اشرف اور کرن اشفاق
عمران اشرف عرف بھولا عمران اشرف کی بھی اہلیہ، ماڈل کرن اشفاق سے طلاق ہو گئی ہے۔

اس خبر نے مداحوں کو بے حد رنجیدہ کر دیا۔

کرن اشفاق اور عمران اشرف کی شادی 2018ء میں ہوئی تھی، عمران اشرف اور کرن اشفاق کے بیٹے کا نام ’روہم‘ ہے۔

عمران اشرف اور کرن اشفاق نے حال ہی میں ایک مشترکہ نوٹ کے ساتھ اپنے رشتے کے ٹوٹنے کی خبر مداحوں کو دی تھی۔

عروہ حسین اور فرحان سعید
اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید میں علیحدگی کی خبریں بھی کئی ماہ سے زیرِ گردش ہیں، اس جوڑی نے اپنی علیحدگی سے متعلق تاحال کوئی وضاحتی بیان نہیں دیا ہے مگر اِنہیں کافی عرصے سے ایک ساتھ بھی نہیں دیکھا گیا ہے۔

شوبز حلقے میں اس جوڑی میں علیحدگی اور فرحان سعید کا اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ تعلقات کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔