شاہ رخ خان دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر جلوہ گر

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان 28 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے ایک ہیلتھ کیئر گروپ کی تشہیری ویڈیو میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر جلوہ گر ہوئے۔

اس مہم میں عمان اور متحدہ عرب امارات میں مختلف برانڈز کے تحت 39 اسپتال اور طبی مراکز کی تشہیر شامل ہے۔

کمپنی نے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر 28 ستمبر کو اپنی مہم کی افتتاحی تقریب میں اشتہار دکھا کر متحدہ عرب امارات کے ساتھ شاہ رخ خان کے مضبوط تعلق کو اجاگر کیا۔

یہی نہیں برج خلیفہ کے سامنے ڈانسنگ فاؤنٹین پر اداکار کی مشہور فلم’اوم شانتی اوم‘ کا ٹائٹل سانگ بھی بجایا گیا۔

برج خلیفہ پر نشر کیے گئے اشتہار میں شاہ رخ خان نے ہیلتھ کیئر گروپ کے بارے میں آگاہ کیا۔

برج خلیفہ کے اس منظر کی ویڈیوز تھوڑی ہی دیر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
اس ویڈیو کےسوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداح اداکار کے غیر معمولی فلاحی کاموں کی تعریفیں کرتے اور انہیں دنیا کی مشہور عمارت پر جلوہ گردیکھ کر فخر کرتے نظر آرہے ہیں۔
ہیلتھ کیئر گروپ کے چیئرمین شمشیر ویالیل کا کہنا ہے کہ ہمیں سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ اس مہم کا آغاز کرنے پر فخر ہے جو کہ ان اقدار کا مظہر ہیں جن کی ہم قدر کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر بھی برج خلیفہ کو روشن کیا گیا تھا۔