طالب علموں کے لیے محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے، پروفیسر اقبال چوہدری 53نئے محققین کو بین الاقوامی ادارے میں خوش آمدیدکہا جاتا ہے، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں خطاب آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کابین الاقومی شہرت یافتہ ایم فل، پی ایچ ڈی پروگرام میرٹ پر ہے

کراچی:۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ طالب علموں کے لیے محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے جبکہ تعلیم و تحقیق کے لیے اخلاص ناگزیر ہے، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے جڑنے والے اسکالر خوش قسمت ہیں کہ وہ اس ادارے سے وابستہ ہوئے ہیں کہ جس کابین الاقومی شہرت یافتہ ایم فل، پی ایچ ڈی پروگرام سو فیصد میرٹ پر ہے، 53نئے محققین کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں خوش آمدید کہتے ہیں۔


یہ بات انہوں نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے تحت منگل کو سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرام برائے2022کے نئے طالب علموں کے لئے منعقدہ ”اُورینٹیشن ڈے کی تقریب“ میں کہی۔ اس تقریب میں طلبہ و طالبات، ریسرچ آفیسرز اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان، پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ، پروفیسر ڈاکٹر سیدغلام مشرف، پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الحق قاسمی، ڈاکٹر مقصود احمد چھوٹانی سمیت دیگرآفیشل نے بھی خطاب کیا۔


پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا بین الاقوامی مرکز میں صرف محنت اور لگن سے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، انھوں نے طالب علموں کو کہا کہ وہ اخلاص جیسی بلند انسانی خصوصیت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں کیونکہ جو اپنے کام، تعلیم، والدین، عزیز اقارب اور دوست احباب سے مخلص ہوتے ہیں وہی لوگ دنیا میں کامیانی کی منازل طے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی تعلیم و تحقیق کا بہترین ادارہ ہے جسے یونیسکو، ڈبلیو ایچ او اور او آئی سی سینٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ اسے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کا پرائز بھی مل چکا ہے، انہوں نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنے تحقیقی اداروں کے ساتھ پاکستانی صنعتوں اور سرکاری ایجنسیوں کو بھی تحقیقی خدمات فراہم کررہا ہے، یہاں قومی ضروریات کے تحت وائرولوجی، جینومکس، کلینکل ریسرچ اور صنعتی تجزیاتی مرکز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔


پروفیسراقبال چوہدری نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جہاں متعدد غیر ملکی محقیقین سمیت600سے زیادہ پی ایچ ڈی اور ایم فل طالب علموں پر مشتمل اعلیٰ معیار کا پی ایچ ڈی پروگرام کامیابی سے میرٹ پر چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نئے محقیقین نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن جیسے اہم شعبہ جات میں تحقیق کرنے کے مجاز ہوں گے۔

میڈیا ایڈوائزر