جانی ڈیپ نے اچانک ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرکے مداحوں کو حیران کردیا

معروف امریکی اداکارو گلوکار جانی ڈیپ نے اچانک ویڈیو میوزک ایوارڈز کی تقریب میں شریک ہوکر مداحوں کو حیران کردیا۔

اداکار جانی ڈیپ اپنی سابقہ ​​اہلیہ، اداکارہ ایمبر ہرڈ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد اب اپنےکیریئر کو دوبارہ مستحکم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وہ بروز اتوار 28 اگست کو ہونے والے ایم ٹی وی (MTV) کے ویڈیو میوزک ایوارڈز میں اچانک نمودار ہوئے تو شرکاء اُنہیں دکھ کر بہت حیران ہوئے۔

جانی ڈیپ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایوارڈز کی تقریب میں اپنی انٹری کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو میں جانی ڈیپ کو ایک خلا باز کے روپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے ایوارڈز کی تقریب میں انٹری دیتے ہوئے کہا کہ’وہ یہاں اس لیے آئے ہیں کیونکہ اُنہیں کام کی تلاش تھی‘۔

اداکار نے تقریب کے شرکاء کو کچھ لطیفے سنا کر اپنی طرف متوجہ کیا اور خوب تعریفیں بٹوریں۔

اُنہوں نے تقریب کے شرکاء کو ایک پیشکش بھی کہ اگر کسی برتھ ڈے پارٹی، شادی کی تقریب یا اس طرح کی کسی بھی اور تقریب کے لیے کسی کو ان کی خدمات حاصل کرنی ہوں تو وہ دستیاب ہیں۔