امیتابھ بچن نے جیا بچن کی والدہ کے حوالے سے کیا انکشاف کیا؟

بھارتی گیم شو کون بنے گا کروڑپتی کے سیزن 14 کی گزشتہ روز نشر ہونے والی قسط میں شو کے میزبان بالی ووڈ کے معروف اور سینئر اداکار امیتابھ بچن نے شائقین کے ساتھ ماضی کی ایک یاد شیئر کردی۔

شو کے دوران مقابلے میں حصّہ لینے والے ایک فریق سدھیر شرما ، جو اپنی بیوی کے ہمراہ شو میں شرکت کررہا تھا، نے بتایا کہ ان کی بیوی بھی 1991 میں ان کے ساتھ کام کرتی تھی اور وہ ان کی سینئر تھیں۔

امیتابھ بچن نے سدھیر شرما کی بیوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُن تمام خواتین کا بھی شکریہ ادا کیا جو شو کی تیاری سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ’ ماضی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران، سیٹ پر صرف دو خواتین ہی سیٹ پر ہوا کرتی تھیں، ایک ہیرؤن اور دوسری اس کی والدہ‘۔

سدھیر شرما نے شو کے دوران بگ بی سے سوال کیا کہ ’کیا فلم کے ابتدائی دنوں میں جیا بچن کی والدہ بھی کبھی سیٹ پر آتی تھیں؟‘

بالی ووڈ کے سُپر اسٹار امیتابھ بچن نے حیران ہوکر پوچھا کہ’آپ کو کیسے پتہ؟‘

پھر اگلے ہی لمحے بگ بی نے ہسنتے ہوئے کہا کہ ’انہیں معلوم تھا کہ ان کی بیٹی بھروسے مند ہیرو کے ساتھ کام کر رہی ہے‘۔

واضح رہے کہ گیم شو کون بنے گا کروڑ پتی کے 14ویں سیزن کا آغاز رواں ماہ 7 اگست کو ہوا تھا جس میں اداکار عامر خان ، کھلاڑی میری کوم سمیت کئی مختلف معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔