انگلینڈ کے تاریخی دورۂ پاکستان کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 17 سال بعد اپنی سرزمین پر انگلینڈ کی میزبانی کا شیڈول جاری کردیا ہے، دونوں ٹیموں کے مابین 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

سیریز کے ابتدائی 4 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ باقی 3 میچز 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، یہ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے دوبارہ دسمبر میں مدمقابل آئیں گی۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان کے ایک مصروف ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کراچی اور لاہور آمد سے ہو رہا ہے۔

ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل دنیا کی ایک بہترین ٹی ٹوئنٹی سائیڈ کے خلاف 7 میچز کی سیریز کھیلنے سے قومی کرکٹ ٹیم کو میگا ایونٹ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔

ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان مارچ اور اپریل میں کامیابی سے آسٹریلیا کی میزبانی کر چکا ہے اور وہ 2005 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کی میزبانی کے لیے بھی انہی انتظامات کو دہرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ریکی ٹیم کے مطمئن ہونے پر ہی دورے کی تصدیق کی ہے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شائقین کرکٹ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
ایم ڈی انگلینڈ کرکٹ روب کی کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان واپسی کی منتظر ہے اور 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل اس سیریز سے انہیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز اور پھر رواں سال کے آخر میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے انتظامات کے حوالے سے پی سی بی، برطانوی ہائی کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

روب کی کا کہنا ہے کہ وہ ای سی بی اور پی سی اے کے نمائندگان کی پری ٹور آمد اور ٹورز کے شیڈول کی منصوبہ بندی میں تعاون کرنے پر پی سی بی اور مقامی انتظامیہ کے مشکور ہیں۔

شیڈول
20 ستمبر، پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

22 ستمبر، دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

23 ستمبر، تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

25 ستمبر، چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام کراچی

28 ستمبر، پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام لاہور

30 ستمبر، چھٹا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام لاہور

2 اکتوبر، ساتواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، بمقام لاہور