پاکستان کا گیم پلان کیا تھا؟ رضوان نے راز بتادیا

سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹیم کی جیت کے گیم پلان کا راز دنیا کو بتادیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر محمد رضوان نے قومی ٹیم کی کامیابی کے بعد ایک پیغام جاری کیا۔
انہوں تحریر کیا کہ “پاکستان کو مبارک ہو، اس ٹیم میں کئی سپر اسٹارز ہیں اور وہ اپنے ملک کے لیے جان لڑا دیتے ہیں۔”

ساتھ میں رضوان نے ٹیم کے گیم پلان سے متعلق وائٹ بورڈ کی تصویر شیئر کی جس کے متعلق انہوں نے تحریر کیا کہ “یہ تیسرے دن کی تصویر ہے، تاریخی ہدف حاصل کرنے کا ہمارا گیم پلان۔”

وکٹ کیپر بیٹر نے حوصلہ افزائی اور یقین کا کریڈٹ ثقلین مشتاق، شاہد اسلم، محمد یوسف اور پوری ٹیم انتظامیہ کو دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گال میں ریکارڈ ہدف حاصل کرکے سری لنکا کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس میچ میں پہلی اننگز میں بابر اعظم جبکہ دوسری اننگز میں عبداللّٰہ شفیق نے فتح گر پرفارمنس دکھائی۔

دوسری اننگز میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے مشکل وقت میں عبداللّٰہ شفیق کا ساتھ نبھاتے ہوئے 40 رنز بنائے جبکہ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ پر 71 رنز کی اہم شراکت بھی بنی۔