بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ وہ رومانوی فلمیں کرنے کے لیے بہت بوڑھے ہوچکے ہیں۔
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے ایسے ہی رومانوی کنگ کا خطاب حاصل نہیں کیا۔ اُن کی شخصیت سے لے کر اُن کی توجہ تک، جس طرح سے وہ آن اسکرین اور آف اسکرین خواتین کے ساتھ برتاؤ کرتے ہیں، ہمیشہ ایک مثال قائم کی ہے۔
جب کوئی بالی ووڈ میں رومانوی فلموں کے بارے میں سوچتا ہے، تو ذہن میں سب سے پہلے شاہ رخ خان کا نام آتا ہے۔ تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ رومانوی فلمیں کرنے کے لیے ان کی عمر بہت زیادہ ہے۔
سُپر اسٹار نے گزشتہ روز 25 جون کو انڈسٹری میں تین دہائیاں مکمل کیں اور اس خاص دن پر، انہوں نے پہلی بار انسٹاگرام پر لائیو سیشن بھی کیا جس میں ایک مداح نے اُن سے سوال کیا کہ وہ اب ’راہول‘ جیسے کردار کیوں نہیں کرتے؟ اداکار نے ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوش کبھی غم‘ اور ’چنئی ایکسپریس‘ جیسی کئی فلموں میں رومانوی ہیرو راہول کا کردار ادا کیا تھا۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ میں عجیب نہیں لگنا چاہتا لیکن مجھے نہیں معلوم کہ آخری فلم کون سی تھی جس میں میں نے راہول کا کردار ادا کیا تھا، میں ایک پیشہ ور اداکار ہوں اس لیے مجھے بہت سارے کردار ملتے ہیں، میں صرف اتنی ہی ترقی کرنے کی کوشش کرتا ہوں جتنی میں کر سکتا ہوں اور جو کچھ میں کرتا ہوں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ میں نے فلم ’زیرو‘ میں بہت اچھا وقت گزارا جو کہ میرے پہلے کیے جانے والے کاموں سے بہت مختلف تھا اور مجھے لگتا ہے کہ میں اب رومانوی فلمیں کرنے کے لیے بہت بوڑھا ہو چکا ہوں، یہ بعض اوقات عجیب ہوتا ہے، مجھے یاد ہے کہ کئی سال پہلے میں ایک فلم میں کام کر رہا تھا اور میرے مقابل خاتون مجھ سے کافی چھوٹی تھیں اور ان کے ساتھ رومانوی سین کرنا عجیب سی بات تھی، میں تھوڑا شرمایا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں آدتیہ چوپڑا اور کرن جوہر کا بےحد مشکور ہوں کہ انہوں نے ان غیر معمولی کرداروں کو تخلیق کیا، جب میں نے فلموں میں شمولیت اختیار کی تو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کسی کردار کے نام سے پہچانا جاؤں گا، جو میرے خیال میں ایک اداکار کو ملنے والا سب سے بڑا تحفہ ہے، آپ سڑکوں پر چلتے ہیں اور لوگ آپ کو ان ناموں سے پکارنے لگتے ہیں۔