عالمی سطح پر معروف اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس نے سبسکرائبرز کی تعداد میں کمی کے باعث سستی سبسکرپشن متعارف کروانے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس کے سی ای او ٹیڈسرینڈوس (Ted Sarandos) نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سال کے اختتام پر اشتہارات کے اشتراک سے سستی سبسکرپشن متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے، کمپنی یہ فیصلہ سبسکرائبرز کی تعداد میں کمی کے باعث کر رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے مقبول ترین اسٹریمنگ سروس پچھلے چند مہینوں سے دباؤ کا شکار ہے۔ یہ دباؤ بڑھتی مہنگائی، یوکرین جنگ اور سبسکرائبرز کی تعداد میں کمی کی وجہ سے درپیش ہے۔
اس نیٹ فلکس کے پاس دو لاکھ پیڈ شدہ صارفین موجود ہیں جبکہ اخراجات پورے کرنے کے لیے مزید نئے سبسکرائبرز کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ نیٹ فلکس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران دو بار تقریباً 450 ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا ہے۔
جبکہ نیٹ فلکس نے چند ماہ قبل پاس ورڈ شئیرنگ کی سہولت بھی ختم کردی تھی جس کے بعد سے سبسکرائبرز کی تعداد میں اضافے کے بجائے کمی ہو رہی ہے۔