سپر ہٹ فلم ’لگان‘ کی اسٹوری سن کر عامر خان نے کام کرنے سے انکار کردیا تھا

بالی ووڈ سپر اسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ان دنوں اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی ریلیز کے منتظر ہیں، وہ لگ بھگ نصف صدی پر مبنی اپنے فلمی کیریئر کے دوران متعدد ہٹ فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

لیکن ’فلم لگان‘ اور ’ونس اپون اے ٹائم ان انڈیا‘ جو 2001ء میں ریلیز ہوئی، اسے اب بھی ان کی یادگار فلموں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔
تاہم اپنے ایک انٹرویو میں سپر اسٹار نے اس فلم لگان کے حوالے سے انکشاف کیا تھا کہ جب انہوں نے اس کا اسکرپٹ سنا تو اسے کرنے سے انکار کردیا تھا، لیکن ان کے والدین نے انہیں یہ فلم کرنے کے لیے راضی کیا۔

یاد رہے کہ لگان ان 5 بھارتی فلموں میں شامل ہے جسے آسکرز نے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کیٹیگری میں شامل کیا، دیگر چار فلموں میں مدر انڈیا، سلام بمبئی، لٹل ٹیررسٹ اور دی وائٹ ٹائیگر شامل ہیں۔

عامر خان کے مطابق جب انہوں نے 5 منٹ تک لگان کی اسٹوری سنی تو انہوں نے فوراً اسے کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو عجیب سی کہانی ہے، میں نے فلم کے لکھاری اشتوش گواریکر سے کہا کہ مجھے تو ذرا مختلف اسٹوری چاہیے۔
جس پر وہ چلے گئے اور جب لگان کی فائنل اسٹوری لیکر آئے تو میں نے ان سے کہا کہ یہ بہترین ہے، اور یہ فلم بینوں میں ریکارڈ بنائے گا۔ لیکن پھر بھی حامی بھرنے سے گھبراتا رہا۔

جس کے بعد میں یہ سوچتا رہا کہ میں یہ فلم کیوں نہیں کررہا؟ جس پر میں نے اشتوش سے کہا کہ اسٹوری میرے والدین کو سنائیں، جب انہوں نے یہ اسٹوری سنی تو کہا کہ مجھے یہ فلم ضرور کرنا چاہیے۔