10 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ممبران آرٹس کونسل کے لیے انڈوومنٹ فنڈ قائم فوری طور پر ایک کروڑ منتقل کردیے گئے، صدر آرٹس کونسل اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے یہ کام شروع کیا ہے۔ مخیر حضرات تعاون کریں ، محمد احمد شاہ

کراچی () آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے ممبران آرٹس کونسل کی فلاح و بہبود کے لیے 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے انڈوومنٹ قائم کر دیا ہے جس میں فوری طور پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ایک کروڑ روپے منتقل کر دیے گئے ہیں۔ ایسے ممبران جن کے پاس اپنا گھر نہیں ان کو پلاٹ دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کا اعلان جمعہ کو انہوں نے سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری سید اسجد بخاری اور ارکین گورننگ باڈی بھی موجود تھے۔ سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی نے ذاتی حیثیت میں اس فنڈ میں پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ ایک کروڑ روپے فوری طور پر اس فنڈ میں منتقل کر رہے ہیں جب کہ آرٹس کونسل کے مخیر ممبران اور شہر کے کارپوریٹ سیکٹر و مخیر حضرات کے تعاون سے ابتدائی طور پر اس فنڈ میں دس کروڑ روپے تک جمع کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ شہر کے مخیر حضرات نے پہلے بھی بہت تعاون کیا ہے، مجھے توقع ہے کہ خالصتاً اللہ تعالی کی رضا کے لیے کئے جانے والے اس کام میں ان کا تعاون جاری رہے گا۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ اس فنڈ سے ممبران کے یتیم بچوں کی تعلیم اور بچیوں کی شادیاں سمیت ایسے ممبران جو قرض حسنہ لینے چاہیں گے ان کو ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ اس رقم کو آسان شرائط سے واپس کریں تو دوسرے کو فائدہ ہو۔ آرٹس کونسل ایک کنبے کی شکار اختیار کرچکا ہے، انہوں نے کہا کہ چند دن قبل جنرل باڈی میں تمام ترمیم اتفاق رائے سے منظور ہوئیں اس میں یہ فنڈ قائم کرنے کی منظوری بھی تھی چوں کہ رمضان المبارک شروع ہو رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ فنڈ اسی مقدس مہینے سے شروع ہو۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ کام صرف اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے شروع کیا ہے۔ ممبران کی امداد ہم پہلے بھی کر رہے تھے اس کو قانونی شکل اس لیے دی کہ ہمارے بعد بھی یہ چلتا رہے۔ اس کی علیحدہ کمیٹی ہو گی اور اکاونٹ بھی، سالانہ آڈٹ کا اپنا نظام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جو ممبر زکوٰة فنڈ نہیں لینے چاہے گا اس کی عطیات فنڈ سے مدد کی جائے گی یا قرض حسنہ کے طور پر دیں گے، آرٹس کونسل کی پرانی عمارت اور اوپن ایئر تھیٹر کی مرمت و تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا گیا ہے توقع ہے کہ دسمبر سے قبل مکمل ہو جائے گا، سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے میڈیا بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ بہت بڑا کام ہونے جا رہا ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ پر سب کو بھروسہ ہے،احمد شاہ کا ایک ویژن ہے، انہیں اپنے ایک ایک ممبر کا حال معلوم ہے، میں اپنی طرف سے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہے۔

====================================