کراچی آرٹس کونسل میں کشمیر فیسٹیول منعقد کیا جائے گا ۔احمد شاہ۔ مظفر آباد کے فنکاروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر اعلان ۔ بشیر سدوزئی کوآرڈینیٹر مقرر۔


کراچی ( ) کراچی آرٹس کونسل میں کشمیر فیسٹیول منعقد کیا جائے گا جس میں کشمیر کی تقافت، ادب شاعری اور موسیقی کے پروگرام اور نمائش منعقد ہو گی۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا فیسٹیول ہو گا جو کا پیغام بین الاقوامی سطح پر جائے گا ممبر گورننگ باڈی بشیر سدوزئی کو کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے آزاد کشمیر مظفر آباد سے آئے ہوئے فنکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ معروف لوگ فن کار سجاد علی کشمیری کی قیادت میں کشمیری فن کاروں کے وفد نے صدر آرٹس کونسل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور 22 فروری کو آرٹس کونسل میں کشمیر کلچر شو کے انعقاد پر تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ سجاد علی کشمیری نے کہا کہ کراچی میں پہلی مرتبہ اس سطح کا کشمیر کلچر شو منعقد ہوا۔ بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت سے اندازہ ہوا کہ لوگوں کی خواہش ہے کہ ان کے کلچر کی پروموشن ہو پہاڑی، گوجری اور کشمیری زبان کے اس شو میں نامور فنکاروں نے حصہ لیا ۔ محمد احمد شاہ نے کشمیری فنکاروں کو کامیاب کلچر شو منعقد کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ کراچی آرٹس کونسل پورے پاکستان کی ہے ہم نے ملک بھر کے تمام کلچر اور زبانوں کو جوڑ کر فیڈریشن کو مضبوط کرنے اور محرومیاں ختم کرنے کا کام کیا ۔ ابھی چند دن قبل شینا زبان پر ایک بڑی کانفرنس ہوئی جو گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ بولی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اردو کانفرنس میں کشمیری زبانوں پر بھی سیشن منعقد کیا جا رہا ہے ہم جا رہے ہیں کہ دیگر صوبوں کی طرح کشمیری کلچر بھی آرٹس کونسل کے ساتھ جڑے۔ صدر آرٹس کونسل نے کہا کہ کشمیری ادب زبان اور کلچر بہت مضبوط ہے اس پر مکمل فیسٹیول ہونا چاہیے ۔ کشمیر کی زبانوں اور ثقافتوں سے پاکستان کے عوام کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے ۔حکومت آزاد کشمیر سے بھی اس حوالے سے بات کی جائے گی کہ مظفرآباد میں ایک متحرک آرٹس کونسل ہونا چاہیے ۔ احمد شاہ نے کہا کہ کراچی آرٹس کونسل میں کشمیر فیسٹیول منعقد کرنے کے لیے ممبر گورننگ باڈی بشیر سدوزئی کو کوآرڈینیٹر منعقد کیا جاتا ہے اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کر کے رپورٹ تیار کریں جس پر یہ فیسٹیول منعقد ہو۔فسٹیول اس سطح کا ہونا چاہیے کہ وزیراعظم اور صدر آزاد کشمیر کو اس میں مدعو کیا جائے۔انہوں نے کہا اس سے کشمیر کا نام اور پیغام دنیا بھر میں جائے گا ۔