کراچی سے اپنے اتحادیوں سمیت 17 سیٹیں لینے والی وفاقی حکومت کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں نااہل حکومت کو فارغ کرنے کے لئے شاندار ریلی اسلام آباد جائے گی،

کراچی 26 فروری۔ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی سے اپنے اتحادیوں سمیت 17 سیٹیں لینے والی وفاقی حکومت کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں نااہل حکومت کو فارغ کرنے کے لئے شاندار ریلی اسلام آباد جائے گی، جہاں ملک بھر سے مختلف شہروں سے عوام اس میں شامل ہوتی رہیں گے ، کراچی کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ضلع وسطی میں 100 پارکوں کی بحالی کے سلسلے میں 19 پارکوں کی تزئین و آرائش کرکے شہریوں کے لئے کھول چکے ہیں، یہ بات انہوں نے فیڈرل بی ایریا میں باغ مصطفی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن اور دیگر رہنماء اور افسران بھی موجود تھے۔ انہو ں نے کہا کہ ضلع وسطی میں جہاں اس وقت ہم موجود ہیں یہ جگہ کچرا کنڈی تھی اور پارک تباہ ہوچکا تھا، کے ایم سی نے اسے دوبارہ بحال کیا ہے اور ڈھائی ایکڑ رقبہ پر مشتمل پارک کو دوبارہ تعمیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارک بنا کر وہیں کے علاقے کے لوگوں پر مشتمل باغبان کمیٹیوں کے حوالے کررہے ہیں تاکہ وہ خود اپنے علاقے کے پارک کی نگہبانی کریں، اب تک شہر میں 28 باغبان کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں جن میں اسی علاقے کے ہر مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہیں اور ہمارا مقصد شہریوں میں اونر شپ کا تصور پیدا کرنا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سینئر صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے اور آج صبح ایک قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حکومت سندھ قاتلوں کے نیٹ ورک پر کام کررہی ہے اور بہت جلد دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ افسوس ناک ہے اور حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پارکوں کی تزئین و آرائش اور بحالی پر خوش ہیں اور شہریوں میں اونر شپ کا تصور اجاگر ہورہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نارتھ کراچی میں واقع پارک کا بھی افتتاح کیا جسے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی نے تعمیر کیا ہے ۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بات فنڈز اور اختیارات کی نہیں بلکہ نیت کی ہوتی ہے اور نیت صاف ہو تو منزل آسان ہوتی ہے، آج ضلع وسطی میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ڈپٹی کمشنر وسطی انتہائی محدود فنڈ سے یہ کام انجام دے رہے ہیں۔جو خوش آئند ہے، ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کر نا چاہیے۔ ہینڈآﺅ ٹ نمبر 210۔۔۔ایم آئی زیڈ