لانگ مارچ کے شرکاء کے اسلام آباد پہنچتے ہی تحریک انصاف کی نااہل حکومت سے نجات مل جائے گی۔ صادق میمن

کراچی۔ 21 فروری۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ و پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے صدر صادق علی میمن نے کہا ہے کہ ہمیں قوی امید ہے کہ جب پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے شرکاء اسلام آباد پہنچیں گے تو تحریک انصاف کی نااہل حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔ گذشتہ ساڑھے تین سال میں جس طرح تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے ملک کو تباہ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ اس لانگ مارچ میں نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے بلکہ دیگر جماعتوں کے کارکنان اور غریب عوام ، مزدور، کسان بھی بھرپور طریقے سے شریک ہوں گے کیونکہ مہنگائی اور بےروزگاری نے عام آدمی کی زندگی عذاب بنادی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے مزید کہا کہ عوام منتظر ہیں کہ کب ان کے محبوب قائد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لانگ مارچ کے لئے نکلتے ہیں اور 27 فروری سے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شروع ہونے والا لانگ مارچ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتیں جس تیزی سے بڑھ رہی ہیں اس نے عام آدمی کو کہیں کا نہیں جھوڑا ہے۔ یہ مناسب وقت ہے کہ عمران خان نیازی کی نااہل حکومت سے جان چھڑائی جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ لانگ مارچ کراچی سے نکلے گا اور اس کا پہلا پڑاؤ ٹھٹھہ میں ہوگا اور اس حوالے سے ٹھٹھہ کے عوام میں بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ہم ہر سطح پر اس کی تیاریاں کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ و پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے صدر صادق علی میمن نے کہا کہ لانگ مارچ میں شرکت کے خواہشمند افراد بھی بڑی تعداد میں بائیو میٹرک رجسٹریشن کروا رہے ہیں اور لانگ مارچ کے شرکاء کے استقبال کے لئے ٹھٹھہ شہر کو بھی سجایا گا۔