سلمان خان سعودی عرب میں فلموں کی شوٹنگ کرنے کیلئے پرامید

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے سعودی عرب میں اپنی فلموں کی شوٹنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

سلمان خان نے اپنے دورۂ سعودی عرب میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودیہ میں پرفارم کرنے کا موقع ملنے پر حکام کا شکریہ ادا کیا ہے اور وہاں پر اپنی فلموں کی شوٹنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنی طرف سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم یہاں زیادہ کثرت سے آئیں گے، ہم آپ کوانٹرٹین کرنے کی پوری کوشش کریں گے، ہمیں یہاں ہماری فلمیں ملیں گی، ہم یہاں اپنے کنسرٹ کریں گے، ہم آپ کو اچھی اور معیاری انٹرٹینمنٹ فراہم کریں گے‘۔

اداکار کا کہنا ہے کہ’ وہ چند مہینے پہلے یہاں دمام آئے تھے، تب انہوں نے سعودیہ میں تبدیلی دیکھی، اور وہ ان چند مہینوں میں ایک بار پھر زبردست تبدیلی دیکھ رہے ہیں‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ ہم یہاں پہلی بار پرفارم کر رہے ہیں یہ ایک بڑی تبدیلی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ’وہ تمام چہروں پر تبدیلی اور مسکراہٹ دیکھ رہےہیں اور آپ کے چہرے پر مسکراہٹ سے بہتر کیا ہو گا‘۔

سلمان خان نےسعودی عرب کے لوگوں سے وعدہ کیا کہ وہ بہت جلد اُن کے لیے مزید انٹرٹینمنٹ اور بہت سی فلموں کے ساتھ سعودیہ آئیں گے۔
سعودی عرب میں اپنی فلموں کی شوٹنگ اور باہمی تعاون کے بارے میں سلمان خان نے کہا کہ ’وہ کوشش کریں گے کہ کچھ فلموں کی شوٹنگ سعودیہ میں کر سکیں کیونکہ یہاں بہت خوبصورت لوکیشنز ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب بھی کانسرٹس اور انٹرٹینمنٹ ​​کے لیے سعودی عرب میں ضرورت ہوگی تو اس کے لیے وہ حاضر رہیں گے‘۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ​​کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔

ملک میں سینما گھروں پر پچھلے چار سالوں سے عائد پابندی ختم ہونے کے بعد، سعودی عرب نے حال ہی میں اپنے پہلے فلم فیسٹیول کی میزبانی کی ہے۔
تاہم، صرف فلم فیسٹیول کو ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے’دبنگ ری لوڈِڈ‘ شو کو بھی ریاض میں بہت پذیرائی ملی ہے۔