نصب العین کے حصول کے لئے ابلاغ کے تمام تر ذرائع سے موثر استفادہ لازم ہے-دردانہ صدیقی

راولپنڈی(جہانزیب راشد) اسلام کا فلسفہ حیات ,تہذیب و ثقافت کے اثرات اور قائدین کا بے مثال جذبہ حریت , یہ وہ بنیادی عوامل ہیں جو تحریک پاکستان کے پس منظر میں کارفرما تھے -ان کی آبیاری اسلامی پاکستان و توانا مملکت کے حصول کے لئے ناگزیر ہے – ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے مرکزی میڈیا سیل کے رپورٹنگ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صورت میں خطہِ زمین کے حصول کے بعد دوسرا اہم مرحلہ اس نظام کا نفاذ ہے جس کو قائم کرنے کے لیئے یہ وطن حاصل کیا گیا تھا، دردانہ صدیقی نے افغانستان کے ذریعےخطے میں آنے والی بڑی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قلیل گروہ کے کثیر گروہ پہ غالب آجانے والی قرآنی بشارت کی عملی تفسیر ہے اور اس کامیابی کو نظریہ اسلام کی بالا دستی قرار دیا جس کے ثمرات عالِمِ اسلام کی تمام ِ اسلامی تحریکیں سمیٹیں گی ۔ انہوں نےمیڈیا سیل کے ممبران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نتائج سے بے پرواہ ہو کر اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال جاری رکھیں ۔ اگلی صفوں میں کھڑا رہنے والوں کے لئے اجر عظیم کی بشارت ہے مگر ان پر بھاری ذمہ داری بھی عائدہوتی ہے ۔میڈیا کے محاذ پر بہترین صلاحیتوں کو اخلاص کے ساتھ استعمال کیجئے۔
جماعت اسلامی نے ہمیشہ لسانیت ،گروہیت اور فرقہ واریت سے بلند ہوکر لا الہ الا اللہ کا پیغام دیا ہے جماعت اسلامی تزکیہ نفس سے لے کر تزکیہ نظام کی جدوجہد کا نام ہے ۔الحمداللہ ہمارے پاس مخلص،دیانتدار اور اہل قیادت کاسرمایہ ہے
اس سے قبل اجلاس کے آغاز میں تذکیری گفتگو کرتے ہوئے نگران شعبہ تعلیم عائشہ یاسمین نے کہا کہ میڈیا سے منسلک افراد میں فوری ردِ عمل دینے کے بجائے ٹھیراؤ اور غور و فکر کے بعد دلائل کے ساتھ موثر ابلاغی صفت موجود ہونا چاہیے ۔
اختتامی گفتگو میں ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور نےاجلاس میں سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کی شرکت اور رہنمائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے میڈیا سیل سے وابستہ افراد کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں تنظیم کا سرمایہ قرار دیا۔
قبل ازیں نگران شعبہ نشرواشاعت صائمہ افتخار, نگران شعبہ آئ ٹی سعدیہ حمنہ اور نگران شعبہ حریم ادب عالیہ شمیم نےاپنے اپنے شعبہ کی رپورٹس پیش کیں جس میں حجاب مہم اور یوم تاسیس جماعت اسلامی مہم کی رپورٹس خاص طور پر قابل ذکر ہیں -ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ عثمان اور ڈپٹی ڈائیریکٹر میڈیا سیل ثمینہ قمر نے رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے بہتری کے لئے تجاویز دیں.شعبہ جات کی ٹیم ممبران بھی اجلاس میں شریک تھیں – ۔#