محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جائیداد ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مکیش کمار چاؤلہ

کراچی 20 ستمبر۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ سندھ کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاولہ کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر ، ڈائریکٹر جنرلز منیر احمد زرداری ، حاجی سلیم بھٹو ، ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس- ون محترمہ ثمینہ بھٹو اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
مکیش کمار چاؤلہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے کام میں تیزی لائیں۔ ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس -ون محترمہ ثمینہ بھٹو نے صوبائی وزیر کو جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ جائیداد ٹیکس نادہندہ گان کو کمپیوٹرائزڈ چالان فارم جاری کئے جا چکے ہیں اور 30 ​​ستمبر تک جائیداد ٹیکس جمع کرانے والوں کو پانچ فیصد ریلیف دیا جائے گا جبکہ جائیداد ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس جمع کرانے کی ترغیب دینے کے لیے بڑے پیمانے پر میڈیا مہم شروع کی جائے گی تاکہ ٹیکس نادہندہ گان کسی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں جائیداد ٹیکس کے بڑے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کی دکانیں ، مکانات اور دیگر سامان سیل کر دیا جائے اگر وہ اپنا ٹیکس جمع نہیں کراتے۔ انہوں نے جائیداد ٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ اگر وہ اپنے واجب الادا ٹیکس جمع نہہں کروائیں گے تو ان کی جائیدادیں نیلام بھی کی جا سکتی ہیں۔ سندھ کے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ نے جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے اچھے افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی تاہم انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات اچھے نتائج لائیں گے۔