ترجیحی بنیاد پر 30 دسمبر 2020 کو ایف پی سی سی آئی کے صدارتی انتخاب کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر منتخب ناصر حیات مگو کے انتخاب کو کالعدم قرار دے

کراچی 8 جون 2021: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے سابق چیئرمین،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما محمد حنیف گوہر نے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن ایف پی سی سی آئی کے صدارتی ا لیکشن 2021 میں غیر قانونی طور پر منتخب کیے گئے بزنس مین پینل کے امیدوار ناصرحیات مگو کے انتخاب کو کالعدم قرار دے کر یو بی جی کے امیدوار خالد تواب کو ایف پی سی سی آئی کے منتخب صدر ہونے کا اعلان کرے۔ انھوں نے کہا کہ 30 دسمبر 2020 کو ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران کے انتخاب کے لیے الیکشن منعقد ہوئے جس میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالد تواب نے 178 ووٹ حاصل کیے جبکہ بزنس مین پینل کے امیدوار ناصر حیات مگو نے 177 ووٹ حاصل کیے تاہم الیکشن کمیشن نے جانب داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی جی ٹی او کے 16 دسمبر 2020 میں لکھے گئے لیٹر میں فیڈریشن کے انتخابات کے لیے غیرقانونی قرار دیے گئے لورا لائی چیمبر اور افغان چیمبر کے ووٹوں کو بھی غیر قانونی طور پر گنتی میں شمار کرکے بزنس مین پینل کے ناصر حیات مگو کو ایف پی سی سی آئی کا منتخب صدر ہونے کا اعلان کیا۔ حنیف گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس غیر قانونی عمل کے خلاف یو بی جی نے ڈجی ٹی او میں درخواست دائر کی جس میں تمام حقائق کو پیش کرتے ہوئے ناصر حیات مگو کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے اور یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالد تواب کو ایف پی سی سی آئی الیکشن 2020-21 کے منتخب صدر ہونے کے اعلان کی استدعا کی گئی۔ تاہم ناصر حیات مگو نے وقت ضائع کرنے کی غرض سے یو بی جی کی اس درخواست کے خلاف سند ھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جسے معز ز عدالت نے 19 مئی 2021 کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کو صرف ریگولیٹر ہی سننے کا مجاز ہے۔ حنیف گوہر نے ڈی جی ٹی او سے اپیل کی کہ ترجیحی بنیاد پر 30 دسمبر 2020 کو ایف پی سی سی آئی کے صدارتی انتخاب کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر منتخب ناصر حیات مگو کے انتخاب کو کالعدم قرار دے کر یوبی جی کے خالد تواب کو ایف پی سی سی آئی کے منتخب صدر ہونے کا اعلان کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے زائد عرصے سے پاکستان کی بزنس کمیونٹی اپنی حقیقی نمائندگی سے محروم ہے جس کے باعث تاجربرادری کے مسائل حل نہیں ہورہے۔ حنیف گوہر نے کہا کہ فیصلے میں تاخیر کا مطلب پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو انکے جائز حق سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔
محمد حنیف گوہر
سابق سینئر نائب صدر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)
سابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ،
نائب چیئرمین فیڈرل کور کمیٹی، یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی)
موبائل: 0321-9223676