مون سون بارشوں سے نمٹنے کی تیاریاں

ضلع وسطی میں مون سون بارشوں سے نمٹنے کی تیاریاں، روزآنہ صفائی جاری بلدیہ وسطی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے برساتی نالوں کی صفائی نیوکراچی 7000روڈ کے برساتی نالے پر ناجائز تجاوزات کے خلاف نوٹس جاری مورخہ؛۔4/جون 2021 ؁ء کراچی ( )ضلع وسطی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بلدیہ وسطی کے تعاون سے برساتی نالوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔جبکہ روز آنہ کی بنیاد پر کچرا اُٹھانے اور صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی ڈاکٹر محمد بخش راجا دھاریجو کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی زیدی اپنے افسران کے ہمراہ ضلع وسطی میں صفائی ستھرائی اور برساتی نالوں کی صفائی کے کام کی نگرانی میں مصروف نظر آتے ہیں واضح رہے کہ  نیوکراچی 7000روڈ کے برساتی نالے پرقائم ناجائز تجاوزات کے خلاف نوٹس جاری کردئے گئے ہیں۔ ناجائز تجاوزات کو گرانے کے لئے عملی اقدام کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی میں مستقبل قریب میں ممکنہ طور پر ہونے والی مون سون بارشوں سے پیداہونے والے پریشان کُن حالات سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے بھاری مشنری اور افرادی قوت کو استعمال میں لاکر کچرے کا ڈھیر بن جانے والے برساتی نالوں کو صاف کیا جارہا ہے تاکہ بارش کا پانی رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز سے بہ آسانی گزر جائے۔اور بستیاں تالاب کا منظر پیش کرنے سے بچ جائیں۔ دوسری جانب نیوکراچی 7000روڈ پر واقع برساتی نالے پرقائم ناجائز تجاوزات کے خلاف نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں، مہلت کا وقت گزر جانے کے بعد تجاوزات کے انہدام کے لئے عملی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ عوام کی جانب سے برساتی نالوں میں کچر اپھینکنے کی وجہ سے اکثر برساتی نالے کچرا کونڈی کی شکل اختیار کرچکے تھے جنہیں بھاری مشنری اور افرادی قوت کو استعمال کرتے ہوئے صاف کیاگیا ہے تاکہ برسات کے موسم میں بلدیہ وسطی کے عوام کسی بھی قسم کی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ بلدیہ وسطی کی حدود سے تقریباً چالیس کلومیٹر طویل برساتی نالے گزررہے ہیں۔ جن کی صفائی بلدیہ وسطی کم وسائل میں رہتے ہوئے خصوصی منصوبہ بندی سے جاری رکھتی ہے۔ تاہم بلدیہ وسطی کی انتظامیہ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ کچرہ کنڈی میں ڈالیں اور برساتی نالوں کو کوڑے کا ڈھیر بنانے سے اجتناب برتیں تاکہ بلا وجہ کی پریشانی سے بچ سکیں۔ فی الوقت جو اقدامات بلدیہ وسطی کی جانب سے کئے جارہے ہیں، امیدکی جاتی ہے کہ ان کے نتیجے میں ضلع وسطی کے عوام بارش سے پیدا ہونے والی اُن پریشانیوں سے محفوظ رہیں گے کہ جن کا سامنا اُنہیں ماضی میں کرنا پڑتاتھا۔                                                                                                  عالمگیر سیفی               محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ              بلدیہ عالیہ کراچی وسطی