پی ایس ایل شیڈول کا اعلان بھارتی ٹیکنیشنز کی کلیئرنس سے مشروط

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا، ایونٹ کے بقیہ میچز کا شیڈول تاخیر کا شکار ہوگیا، جبکہ کھلاڑیوں کے ابوظبی پہنچنے کے باوجود ایونٹ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ شیڈول کا اعلان بھارتی ٹیکنیشنز کی کلیئرنس سے مشروط ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ٹیکنیشنز کا تنازع حل کیے بغیر ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیکنیشنز ٹورنامنٹ کا اہم حصہ ہیں، ان کے بغیر پی ایس ایل کا انعقاد خطرے میں ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ براڈ کاسٹرز 2 دن سے آئسولیشن میں تھے، اچانک ابوظبی ہیلتھ منسٹری نے اعتراض کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطحی کوششوں سے تنازع کو حل کیا جارہا ہے۔

ادھر ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی ٹیکنیشنز کو واپس لانے کے لیے پی ایس ایل انتظامیہ کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں اور ٹیکنیشنز کو ابوظبی کے ہوٹل سے نکال دیا گیا اور انھیں دبئی روانہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات وزارتِ صحت نے یہ کہہ کر ہوٹل سے بے دخل کردیا کہ آپ یہاں نہیں رہ سکتے۔

خیال رہے کہ دبئی پہنچنے والے بھارتی ٹیکنیشنز نے یو اے ای میں راس الخیمہ میں لینڈ کیا تھا، جبکہ اس کے بعد زمینی سفر کرکے ابوظبی پہنچے تھے۔