حقائق کی بنیاد پر ڈی جی ٹی او سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ Invalid ووٹس جن کو وہ پہلے ہی منسوخ قرار دے چکے ہیں کو مسترد کرکے خالد تواب کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FPCCI)کا 2021ء کیلئے صدر کا اعلان کرے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی اور اِس کے بعدیوبی جی کی درخواست پر ہونے والی کاروائی اور سندھ ہائیکورٹ میں بزنس مین پینل کے کیس کو مسترد کرنے کے متعلق تمام حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے یو بی جی کے صدارتی اُمیدوار خالد تواب، صدر زبیر طفیل، سیکریٹری انفارمیشن ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ اور محمد حنیف گوہر اور دیگر قائدین نے پریس کانفرنس منعقد کی۔

مورخہ 30 دسمبر 2020ء کو ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کے انتخاب کیلئے الیکشن منعقد ہوئے جس میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالد تواب نے 178 جبکہ مخالف امیدوار ناصر حیات مگوں نے 177 ووٹ حاصل کئے جس میں لورالائی چیمبر کے 2 غلط ووٹ بھی شامل تھے جن کو ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (DGTO) نے اپنے 16 دسمبر 2020ء کے لیٹر میں فیڈریشن کے انتخاب کیلئے غیر قانونی قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ تعصب زدہ الیکشن کمیشن نے افغان چیمبر آف کامرس کا لفافے میں بند مسترد ووٹ کو ریگولیٹر کے علم میں لائے بغیر غیر قانونی طریقے سے کھول کر ناصر حیات مگوں کے حق میں گنا جس کے بعد دونوں امیدواروں کے 178/178 ووٹوں سے صدر کا فیصلہ ”ٹائی“ ہونے کا اعلان سنایا اور دونوں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں الیکشن کمیشن اور فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کی دستخط شدہ پروویژنل رزلٹ سمر ی 30-12-2020 جاری کی گئی جس کی کاپی منسلک ہے۔

ڈی جی ٹی او اسلام آباد میں کیس کی سماعت کے دوران ہم نے یہ تمام حقائق اور دستاویزی ثبوت پیش کئے جس کی بنیاد پر ڈی جی ٹی او نے معزز سندھ ہائیکورٹ کو اپنے تحریری جواب میں واضح طور پر لکھا کہ لورالائی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور پاک افغان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈالے گئے ووٹ غلط ہیں لیکن معاملے کو طول دینے کیلئے ڈی جی ٹی او کے فیصلے سے پہلے بزنس مین پینل نے ریگولیٹر کی کارروائی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے 19 مارچ 2021ء کو سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناعی لے کر ڈی جی ٹی او میں ہماری کارروائی کو روک دیا لیکن حال ہی میں 19 مئی کو سندھ ہائیکورٹ نے بزنس مین پینل کے کیس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا جو دراصل ناصر حیات مگوں کی غیر قانونی صدارتی مدت کو طول دینے کیلئے کیا گیا تھا۔ ان حقائق کی بنیاد پر ڈی جی ٹی او سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ Invalid ووٹس جن کو وہ پہلے ہی منسوخ قرار دے چکے ہیں کو مسترد کرکے خالد تواب کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FPCCI)کا 2021ء کیلئے صدر کا اعلان کرے۔

آج کی اِس پریس کانفرنس میں شریک الیکٹرونکس اور پرنٹ میڈیا کے تمام نمائندوں کی شرکت پر اِن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ
سیکریٹری انفارمیشن، یونائیٹڈ بزنس گروپ (یوبی جی)

——