سندھ میڈیکل سپورٹ پروگرام میں مبینہ طور پر بے ضابطگیوں کا انکشاف

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کے منصوبوں میں کرپشن کا سلسلہ جاری‘ سندھ میڈیکل سپورٹ پروگرام میں مبینہ طور پر بے ضابطگیوں کا انکشاف‘ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریضوں کو سرجیکل سامان اور ادویات کی مفت فراہمی کے لئے اربوں روپے کے مذکورہ پروگرام میں کرپشن کی جانچ شروع کردی ہیں۔ متعلقہ افسران کو بیان قلمبند کرانے اور ریکارڈ فراہم کرنے کے لئے نوٹس ارسال کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے 2016ءمیں صوبے کی 3 درجن سے زائد بڑے اسپتالوں میں مریضوں کے آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات اور ادویات کی مفت فراہیمی کے لئے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے سندھ میڈیکل سپورٹ یونٹ پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کے باوثوق ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کے مجاز حکام کی مجرمانہ خاموشی اور عدم توجہ کی وجہ سے میگا پروگرام میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے جانچ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ نیب کی جانب سے محکمہ صحت کے افسران کو ریکارڈ سمیت بیان دینے کے لئے طلبی نوٹس ارسال کردیئے گئے ہیں۔ نیب کی جانب سے طلبی نوٹس موصول ہونے کے بعد محکمہ صحت کے کرپٹ افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے اور وہ اپنی ملازمتیں بچانے کے لئے اور نیب کی قانونی کارروائی سے بھاگنے کے لئے جوڑ توڑ کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو خوراک بھی مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس پر بھی من و عن عملدرآمد نہیں کیا گیا اور ساز باز کرکے میگا منصوبے کو کھٹائی میں ڈالنے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

https://jang.com.pk/news/917708?_ga=2.163671167.130501533.1619440221-2011182356.1619440221